اسپنر نشرہ سندھو کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل چھ وکٹوں سے جیت لیا۔
قدافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم جنوبی افریقا کی بیٹنگ لائن نشرہ سندھو کے سامنے بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم صرف 116 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ نشرہ نے 26 رنز کے عوض شاندار 6 وکٹیں حاصل کیں اور ساتھ ہی ون ڈے انٹرنیشنلز میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کر کے یہ اعزاز حاصل کرنے والی تیسری پاکستانی باؤلر بن گئیں۔ ان سے قبل ثنا میر اور ندا ڈار یہ کارنامہ انجام دے چکی ہیں۔
پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 31 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اوپنر سدرہ امین نے نصف سنچری اسکور کی وہ اس سے قبل سیریز کے ابتدائی دونوں میچوں میں سنچریاں بھی بنا چکی تھیں۔
سیریز تاہم جنوبی افریقا کے نام رہی جس نے پہلے دو میچز جیت کر 2-1 سے کامیابی حاصل کی۔ میچ کے اختتام پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور مہمان ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔