11 کے بجائے 14 کھلاڑیوں کے خلاف کھیل رہے ہیں۔۔ کیا فخر زمان کا کیچ آؤٹ زیادتی تھی؟ سینئر کھلاڑی منافقت پر پھٹ پڑے

ہماری ویب  |  Sep 21, 2025

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 میں پاک بھارت ٹاکرا ایک اور تنازعے کی زد میں آگیا۔ دبئی میں جاری سپر فور مرحلے کے میچ میں پاکستانی اوپنر فخر زمان کا آؤٹ ہونا سوشل میڈیا اور کرکٹ حلقوں میں شدید بحث کا موضوع بن گیا۔

پاکستانی اننگز کے دوران فخر زمان 15 رنز بنا کر کھیل رہے تھے جب ہاردک پانڈیا کی گیند پر انہیں آؤٹ دے دیا گیا۔ فیلڈ امپائر کے فیصلے پر تھرڈ امپائر سے رجوع کیا گیا، لیکن ری پلے میں صاف دکھائی دیا کہ گیند زمین سے ٹکرانے کے بعد وکٹ کیپر کے ہاتھوں میں آئی تھی۔ اس کے باوجود تھرڈ امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دے دیا، جس پر نہ صرف کھلاڑی بلکہ کمنٹیٹرز بھی حیران رہ گئے۔

سوشل میڈیا پر مداحوں نے امپائر کے فیصلے کو کھلے عام متنازع قرار دیا اور لکھا کہ یہ فیصلہ میچ کا رخ بدل سکتا ہے۔ فخر زمان نے خود بھی فیصلے پر تعجب کا اظہار کیا۔

سابق کرکٹرز نے بھی کھل کر اپنی رائے دی۔ محمد عامر نے ایکس پر لکھا کہ "یہ بالکل آؤٹ نہیں تھا"، جبکہ سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ "پاکستانی ٹیم کو بھارت اور امپائرز دونوں کے خلاف اپنی بہترین کرکٹ کھیلنی ہوگی۔" فواد عالم نے بھی کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ ہم 11 نہیں بلکہ 14 کھلاڑیوں کے خلاف میدان میں ہیں۔

یہ واقعہ ایک بار پھر پاک بھارت میچز میں امپائرنگ کے معیار پر سوالیہ نشان لگا گیا ہے اور شائقین شفاف فیصلوں کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ کھیل کا اصل حسن قائم رہ سکے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More