وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ساتھ دیرپا شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دین اسلام، تاریخ، بھائی چارے اور اعتماد کی بنیاد پر استوار تعلقات ہمیشہ قائم و دائم رہیں گے۔
پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے وہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود اور اپنے عزیز سعودی بھائیوں اور بہنوں کو سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر نہایت گرم جوشی کے ساتھ مبارکباد پیش کرتے ہیں۔‘
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ’پاکستانی عوام بھی میرے ساتھ شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ ہمارا دورہ بے مثال محبت اور یادگار لمحات سے بھرپور رہا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات دین اسلام، تاریخ، بھائی چارے اور اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں جو ہمیشہ قائم و دائم رہیں گے، ہم اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مل کر سعودی عرب کے عظیم الشان ترقیاتی سفر پر فخر کرتے ہیں جو شہزادہ محمد بن سلمان کی بصیرت افروز قیادت میں جاری ہے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ مئی 2025 میں انڈیا کے ساتھ کشیدگی کے دوران سعودی قیادت اور عوام کی طرف سے اظہار یکجہتی کو پاکستانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، پاکستانی عوام سعودی عرب کے معاشی تعاون کو بھی فراموش نہیں کر سکتے جس کی وجہ سے ہماری معیشت کو سہارا ملا۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں پاکستانی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور وہاں کی تعمیر و ترقی میں سرگرم عمل ہیں۔
’سعودی عرب کے قومی دن کے پر مسرت موقع پر میں پاکستان کی جانب سے یہ عزم دہراتا ہوں کہ ہم اس دیرپا شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔‘
صدرآصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’سعودی عرب میں اسلام کے دو مقدس ترین مقامات خانہ کعبہ اورمسجد نبوی کی موجودگی کی وجہ سے سعودی عرب کے ساتھ ہمارا مضبوط روحانی تعلق ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سکیورٹی اور دفاع کے شعبوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان شراکت داری نہ صرف ہمارے باہمی اعتماد کی آئینہ دار ہے بلکہ خطے میں امن اور استحکام کی جانب بھی ایک اہم قدم ہے۔
’سعودی عرب کی ترقی پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے‘
سعودی عرب کے قومی دن پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان، شاہی خاندان اور سعودی عوام کو مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان کی ولولہ انگیز قیادت میں سعودی عرب نے ترقی کے سنگ میل عبور کیے ہیں۔ ’سعودی عرب کی ترقی پاکستان کے لیے فخر اور حوصلے کا باعث ہے۔‘
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان سعودی دفاعی تعاون معاہدے نے تاریخی تعلقات کو نئی جہت دی ہے۔ ’دفاعی، اقتصادی اور ثقافتی شراکت داری نے باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت نے ہر موقع پر پاکستان کے ساتھ بے لوث دوستی کا ثبوت دیا ہے، چاہے قدرتی آفات ہوں یا عالمی چیلنجز۔ ’پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے اور دیرینہ تعلقات ہمیشہ قائم و دائم رہیں گے۔‘
سعودی عرب میں قومی دن کا جشن ہے تو پاکستان بھی خوش ہے: مریم نواز شریف
وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے بھی سعودی عرب کے قومی دن پر سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا محض دوست نہیں، ہر مسلمان کے لیے محبت اور عقیدت مقام ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان دفاعی معاہدے کے بعد محافظ الحرمین الشریفین کا درجہ حاصل کر چکا ہے۔ قوم پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دفاعی معاہدے پر فخر محسوس کرتی ہے۔‘