بچپن کی تصاویر اکثر ایسی جھلک دکھاتی ہیں جو بڑے ہو کر بھی ذہنوں میں نقش رہ جاتی ہے، لیکن بعض اوقات یہی معصومانہ چہرے بڑے پردے پر اتنے بدل جاتے ہیں کہ پہچاننا مشکل ہو جاتا ہے۔ سوشل میڈیا پر ایسی تصویر موجود ہے جس میں ایک بچہ چیتا تھامے کھڑا ہے، حیرت کی بات یہ ہے کہ یہ بچہ آج بالی ووڈ کے ان بڑے اداکاروں میں شامل ہے جن کی سنجیدہ اداکاری، ایکشن اسٹائل اور خاموش شخصیت لاکھوں دلوں کو بھا جاتی ہے۔
اگر آپ اب تک سوچ رہے ہیں کہ وہ کون ہو سکتا ہے، تو ذرا یہ اشارے دھیان سے دیکھیں۔ یہ اداکار 90 کی دہائی میں فلمی دنیا میں داخل ہوا۔ اس کی پہلی فلم کا ایکشن سین، جس میں وہ دو موٹر سائیکلوں کے درمیان اسپلیٹ کرتے ہیں، آج بھی فلمی تاریخ کا یادگار منظر مانا جاتا ہے۔ یہ اداکار خاموش طبیعت، آنکھوں سے بھرپور جذبات ظاہر کرنے اور سنجیدہ کرداروں کے لیے جانا جاتا ہے۔ اس کا تعلق ایک فلمی گھرانے سے ہے، اور اس کے والد بالی ووڈ کے معروف اسٹنٹ ڈائریکٹر تھے۔
اب وقت ہے اس چہرے سے پردہ اٹھانے کا۔ وہ بچہ اور آج کا معروف اداکار کوئی اور نہیں بلکہ اجے دیوگن ہیں۔
اجے دیوگن، جن کا اصل نام وشال ویرو دیوگن ہے، 2 اپریل 1969 کو دہلی میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد ویرو دیوگن بالی ووڈ کے مشہور اسٹنٹ ڈائریکٹر تھے۔ اجے نے فلمی دنیا میں قدم 1991 میں فلم "پھول اور کانٹے" سے رکھا اور اپنی پہلی ہی فلم سے شاندار کامیابی حاصل کی۔ اس فلم کا ابتدائی سین، جس میں وہ دو موٹر سائیکلوں پر ایک ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، آج بھی ان کی شناخت کا حصہ ہے۔
اجے دیوگن نے اپنے کیریئر میں ایکشن، جذباتی، مزاحیہ اور تاریخی کرداروں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ فلم "زخمی"، "دی لیجنڈ آف بھگت سنگھ"، "گولمال" سیریز جیسے پراجیکٹس میں انہوں نے مختلف روپوں میں خود کو ثابت کیا۔ انہیں دو نیشنل ایوارڈز بھی مل چکے ہیں، اور وہ بطور پروڈیوسر اور ڈائریکٹر بھی کامیاب رہے ہیں۔
وہ بچپن میں چاہے کھلونوں سے کھیلتے رہے ہوں، لیکن ان کے اندر موجود فنکارانہ جوہر نے بالآخر انہیں بھارت کے سب سے معتبر اداکاروں میں شامل کر دیا۔ آج بھی ان کا سنجیدہ انداز، کم گو طبیعت اور حقیقت کے قریب تر اداکاری کا انداز ناظرین کو متاثر کرتا ہے۔