پاکستان آئڈل کی 10 سال بعد واپسی، ججز پینل میں فواد خان اور دیگر معروف گلوکار شامل

اردو نیوز  |  Aug 05, 2025

پاکستان کا ریئلٹی ٹیلی ویژن گلوکاری کا مقابلہ ’پاکستان آئڈل‘ ایک دہائی بعد دوبارہ شروع ہونے جا رہا ہے۔

ویب سائٹ ویرائٹی کے مطابق پروڈکشن کمپنی ’ایم ایچ ایل گلوبل‘ نے برطانوی فارمیٹ ڈسٹری بیوٹر ’فری مینٹل‘ سے شو کے حقوق حاصل کر لیے ہیں، جس کے تحت اس مشہور سنگنگ مقابلے کو نئے انداز میں پیش کیا جائے گا۔

پاکستان آئڈل دو کے ججز پینل میں شوبز اور موسیقی کی بڑی شخصیات شامل ہوں گی جن میں اداکار و سابق گلوکار فواد خان، گلوکارہ زیب بنگش، قوال راحت فتح علی خان، اور معروف میوزک بینڈ سٹرنگز کے موسیقار بلا ل مقصود شامل ہیں۔

پاکستان آئڈل شو کا پہلا سیزن دسمبر 2013 میں نجی ٹی وی چینل جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر ہوا تھا اور اس کا اختتام اپریل 2014 میں ہوا۔ لاہور کے گلوکار زمد بیگ اس مقابلے میں فاتح قرار پائے تھے۔

اُس وقت ججز پینل میں بشریٰ انصاری، حدیقہ کیانی اور علی عظمت شامل تھے۔ فائنل میں 10 لاکھ سے زائد ووٹ ڈالے گئے تھے جو ایک ریکارڈ تھا۔

جیو ٹی وی نے 2007 میں اس فارمیٹ کے حقوق حاصل کیے تھے، مگر مختلف مسائل کے باعث شو چھ سال بعد آن ایئر ہوا۔ یہ برطانوی ’پاپ آئڈل‘ فارمیٹ کا 50واں بین الاقوامی ورژن تھا۔

اس بارایم ایچ ایل گلوبل نے شو کی پانچ مختلف ٹی وی چینلز پر بیک وقت نشریات کا منصوبہ بنایا ہے، جو عالمی سطح پر آئڈل فرنچائز میں اپنی نوعیت کی پہلی مثال ہوگی۔ اس حکمت عملی کا مقصد پاکستان کے مختلف علاقوں اور زبانوں سے تعلق رکھنے والے ناظرین تک رسائی حاصل کرنا ہے۔

ایم ایچ ایل گلوبل کی ڈائریکٹر زویا مرچنٹ کا کہنا ہے ’فریمنٹل کے ساتھ ہماری شراکت داری پاکستان کی تخلیقی اور تفریحی صنعت کے لیے ایک بڑی پیشرفت ہے۔ یہ صرف ایک شو نہیں بلکہ ایک ثقافتی تحریک ہے۔ پاکستان میں بے پناہ موسیقی کا ٹیلنٹ موجود ہے اور یہ پلیٹ فارم اسے نہ صرف قومی سطح پر بلکہ عالمی سطح پر اجاگر کرے گا۔‘

اس مرتبہ شو میں ڈیجیٹل اور ٹی وی دونوں پلیٹ فارمز پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔ آڈیشنز ‘Begin’  پلیٹ فارم پر آن لائن ہوں گے، جبکہ بڑے شہروں اور دور دراز علاقوں میں ان پرسن کاسٹنگ کالز بھی ہوں گی۔

پاکستان آئڈل ٹو کی پروڈکشن رواں سال کے آخر میں شروع ہونے کی توقع ہے، جبکہ نشر ہونے کی تاریخ اور دیگر تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More