پاکستان اسٹاک ایکس چینج انتظامیہ کی جانب سے 10 کمپنیوں کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں جس میں ان سے گزشتہ روز ان کے شیئرز کی غیر معمولی خرید وفروخت اور قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی وجوہات پوچھی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ اسٹاک ایکس چینج قوانین کے مطابق کمپنیوں کے حوالے سے کوئی بھی ایسی معلومات جو شیئرز کی قیمتوں کو متاثر کرسکتی ہیں اسٹاک ایکس چینج کے ذریعے شیئرز ہولڈرز کو آگاہ کرنا ضروری ہے، معلومات خفیہ رکھنا یا مخصوص حلقے میں رکھنا جرم ہے۔
جن 10 کمپنیوں کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں ان میں تھل انڈسٹریز کارپوریشن لمیٹڈ، احمد حسن ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ، فتح انڈسٹریز لمیٹڈ، عاصم ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ، گدون ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ، فتح اسپورٹس ویئر لمیٹڈ، عسکری لائف انشورنس کمپنی لمیٹڈ، اٹلس انشورنس لمیٹڈ، بابا فرید شوگر ملز لمیٹڈ اور داؤد انڈسٹریز لمیٹڈ شامل ہیں۔
اسٹاک ایکس چینج کی جانب سے ان کمپنیوں کو جاری نوٹسز میں کہا گیا ہے کہ وہ تحریری طور پر آگاہ کریں کہ وہ اپنی کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں غیر معمولی وجوہات کے بارے میں جانتے ہیں یا نہیں جانتے۔ کمپنیوں سے ایسی معلومات شیئر کرنے کا کہا گیا ہے جس سے شیئرز کی قیمتیں متاثر ہوسکتی ہیں۔
ان کمپنیوں کے شیئرز میں 6 اگست کو کیا ہوا ؟
جن کمپنیوں کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں ان میں تھل انڈسٹریز کمپنی لمیٹڈ کے شیئرز کی قیمت بدھ کو 551 روپے 60 پیسے پر کھلی، ٹریڈنگ کے دوران 63.4 روپے کے اضافے سے 615 روپے تک پہنچ گئی اور 19.63 روپے کی کمی سے 595.37 روپے پر بند ہوئی۔
احمد حسن ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ کے شیئرز کی قیمت 75.11 روپے پر کھلی، 81.74 پر جا پہنچی اور 76.04 پر بند ہوئی۔ فتح انڈسٹریز لمیٹڈ کے شیئر کی قیمت 183 روپے پر کھلی، ٹریڈنگ کے دوران 199.99 روپے کی سطح پر جا پہنچی اور 188.36 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ عاصم ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ کے شیئر کی قیمت میں بہت زیادہ فرق نہیں آیا، کمپنی کی قیمت 36.31 روپے پر کھلی اور 32.39 روپے پر بند ہوئی لیکن کمپنی کے شیئرز کی خرید و فروخت کا حجم غیر معمولی طور پر زیادہ رہا۔
گدون ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ کے شیئرز کی قیمت بھی 480 روپے سے بڑھ کر غیر معمولی طور پر 490 روپے تک پہنچی اور واپس پھر 480.17 روپے پر بند ہوئی۔ فتح اسپورٹس ویئر لمیٹڈ کے شیئرز کی قیمت غیر معمولی طور بغیر کسی تبدیلی کے 100.50 روپے برقرار رہی اور کمپنی کے شیئرز کی خرید و فروخت بھی نہیں ہوئی۔ عسکری لائف انشورنس کمپنی لمیٹڈ اور اٹلس انشورنس لمیٹڈ کے شیئر کی قیمت میں کوئی خاص فرق نہیں آیا لیکن شیئرز کی خرید و فروخت کا حجم غیر معمولی طور پر زیادہ رہا۔ بابا فرید شوگر ملز لمیٹڈ اور داؤد انڈسٹریز لمیٹڈ کے شیئر ز کی قیمت میں ٹریڈنگ کے دوران غیر معمولی کمی آئی اور بعد میں دوبارہ قیمت بڑھ گئی۔
نوٹسز جاری ہونے کے بعد آگے کیا ہوگا ؟
ذرائع کے مطابق عام طور پر اس قسم کے نوٹسز پر کمپنیوں کی جانب جواب جمع کرایا جاتا ہے کہ بڑے پیمانے پر شیئرز کی خرید وفروخت میں کمپنی ملوث نہیں ہے اور ان کے پاس ایسی معلومات بھی نہیں ہیں کہ ان کی کمپنیوں کے شیئرز میں غیر معمولی ایکٹیویٹی کیوں ہوئی ہے تاہم اسٹاک ایکس چینج اور ایس ای سی پی اس دوران اپنی تحقیقات جاری رکھیں گی یہ پہلی بار نہیں ہوا کہ غیر معمولی سرگرمیوں کا نوٹس لیا گیا ہے، ماضی میں بھی انسائیڈ ٹریڈنگ کے کئی بڑے اسکینڈل سامنے آچکے ہیں۔