بلوچستان: سبی میں ریلوے ٹریک کے قریب دھماکہ، ’جعفر ایکسپریس محفوظ رہی‘

اردو نیوز  |  Aug 07, 2025

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع سبی میں ریلوے سٹیشن کے قریب ٹریک پر دھماکہ ہوا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ریلوے حکام کے مطابق جمعرات کو دھماکہ پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کے گزر جانے کے بعد ہوا۔

ریلوے کنٹرول کوئٹہ کے مطابق دھماکے سے ٹرین اور مسافروں کو کوئی نقصان نہیں ہوا تاہم ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا ہے۔

خیال رہے کہ جعفر ایکسپریس کو اس سے پہلے بھی کئی بار تخریب کاری کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

کچھ دن قبل بلوچستان میں ٹریک کی کلیئرنس کے لیے چلنے والے والے ریلوے پائلٹ انجن پر فائرنگ ہوئی تھی جس کی وجہ سے جعفر ایکسپریس کی روانگی متاثر ہوئی۔

رواں برس مارچ میں جعفر ایکسپریس کو بلوچستان کے ضلع کچھی (بولان) میں بھی ایک مہلک حملے کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کالعدم تنظیم کی جانب سے پہاڑی علاقے میں دھماکہ کر کے ٹرین کو پٹڑی سے اتارا گیا اور بعد ازاں مسافروں کو یرغمال بنا کر ان میں سے 26 کو قتل کر دیا گیا۔

اس واقعے کے بعد بلوچستان میں ٹرینوں کی سکیورٹی میں اضافہ اور رات کے اوقات میں آمد و رفت پر پابندی عائد کر دی گئی تھی تاہم بلوچستان کی سرحد سے ملحقہ سندھ کے علاقوں میں سکیورٹی انتظامات ناکافی دکھائی دیتے ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More