کراچی: لانڈھی کی گارمنٹس فیکٹری میں آتشزدگی، عمارت منہدم، 8 افراد زخمی

ہماری ویب  |  Aug 07, 2025

کراچی کے علاقے لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں واقع ایک گارمنٹس فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 5 منزلہ عمارت زمین بوس ہو گئی جبکہ قریبی فیکٹری کو بھی آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ واقعے میں عمارت کا حصہ گرنے سے 8 افراد زخمی ہو گئے ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

آگ کو لگے 3 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر چکا ہے اور شہر بھر سے فائر بریگیڈ کو طلب کر کے آگ بجھانے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا ہے اور متاثرہ فیکٹری سے تمام ملازمین کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے جب کہ اطراف کی دیگر فیکٹریاں بھی خالی کروا لی گئی ہیں۔

آتشزدگی پر قابو پانے کے لیے 8 فائر ٹینڈر، 2 واٹر باؤزر اور 2 اسنارکل حصہ لے رہے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، فائر بریگیڈ اور ریسکیو ادارے فوری اور مؤثر کارروائی کریں۔

وزیراعلیٰ نے کمشنر کراچی کو واقعے کی مکمل انکوائری کا حکم دیتے ہوئے متاثرہ فیکٹری کے ملازمین اور مالکان کی مکمل معاونت کی ہدایت کی ہے۔ بریفنگ میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ واقعے کے وقت بڑی تعداد میں ملازمین فیکٹری میں موجود تھے، تاہم ریسکیو عملے نے تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔

مراد علی شاہ نے ریسکیو عملے کی بروقت کارروائی اور بہادری کو سراہتے ہوئے واقعے کی جامع تحقیقات کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More