"ندا ولیمے کی دلہن لگ رہی ہے"
"یہ سب کسی شادی میں جا رہے ہیں کیا؟"
"یہ سب کچھ سادگی سے بھی کیا جا سکتا تھا"
پاکستان سمیت دنیا بھر میں عید میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اسی مناسبت سے مارننگ شو کی مقبول میزبان ندا یاسر نے بھی اپنے پروگرام "گڈ مارننگ پاکستان" میں محفلِ میلاد کا اہتمام کیا۔ اس خصوصی پروگرام میں نامور شخصیات جیسے حنا بیات اور مشہور نعت خواں حوریہ فہیم سمیت دیگر مہمانوں نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔
ندا یاسر نے اس موقع پر اپنے شو کے سیٹ کو بھی خوبصورتی سے سجایا اور خود بھی نہایت تیار ہو کر پروگرام میں شریک ہوئیں۔ مہمان خواتین نے بھی بھاری کام والے ملبوسات، جیولری، گجرے اور میک اپ کے ساتھ اپنی موجودگی کو نمایاں کیا۔ محفل نشر ہونے کے بعد جیسے ہی اس کی ویڈیوز وائرل ہوئیں تو سوشل میڈیا صارفین نے اپنا ردعمل دینا شروع کر دیا۔
انٹرنیٹ پر کئی افراد کا کہنا تھا کہ محفلِ میلاد کو سادگی اور روحانی انداز میں ہونا چاہیے تھا مگر یہاں سب کچھ شادی جیسی رونق میں بدل گیا۔ صارفین کی یہ آراء دیکھتے ہی دیکھتے بحث کی شکل اختیار کر گئیں۔ کچھ لوگوں نے اسے دکھاوے سے تعبیر کیا تو کچھ کا کہنا تھا کہ نبی کریم ﷺ کے یومِ ولادت کی خوشی منانے کے لیے ہر شخص اپنے انداز سے تیاری کرتا ہے اور اس پر تنقید کی ضرورت نہیں۔
یوں ندا یاسر کا یہ شو جہاں نعت خوانی اور عقیدت کے رنگوں سے سجا، وہیں مہمانوں کی تیاری اور فیشن سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا۔