قصور میں ڈکیتوں کی فائرنگ سے کبڈی کا انٹرنیشنل کھلاڑی ناصر پہلوان ہلاک

اردو نیوز  |  Sep 07, 2025

پنجاب کے ضلع قصور میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے بین الاقوامی شہرت یافتہ کبڈی کھلاڑی ناصر اللہ عرف ناصر پہلوان جان سے چلے گئے۔

واقعہ ہفتے کی شب تھانہ الہ آباد کی حدود میں اس وقت پیش آیا جب وہ کبڈی میچ کھیل کر واپس اپنے گھر جا رہے تھے۔

پولیس کے مطابق ناصر پہلوان حویلی لکھا میں کبڈی میچ کھیلنے کے بعد کیری ڈبہ میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ واپس آ رہے تھے کہ مائی رابو کے علاقے میں تین نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے ان کی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی۔

مزاحمت پر ڈاکوؤں نے گاڑی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ناصر پہلوان کو گردن پر گولی لگی اور وہ شدید زخمی ہو گئے۔

ناصر پہلوان کو فوری طور پر لاہور منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے۔

مقتول کے بھائی مدثر کے مطابق ناصر پہلوان تین بچوں کے والد اور کھڈیاں کے رہائشی تھے۔ انہوں نے پاکستان کی نمائندگی کئی بین الاقوامی کبڈی مقابلوں میں کی، جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے کبڈی میچز بھی شامل ہیں۔

واقعے کی ایف آئی آر تھانہ الہ آباد میں ناصر پہلوان کے ساتھی کھلاڑی کی مدعیت میں درج کر لی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے اور جلد گرفتاری کی توقع ہے۔

ناصر پہلوان کی نماز جنازہ میں پاکستان بھر سے کبڈی کھلاڑیوں، اہل علاقہ اور مداحوں سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی، جبکہ تدفین ان کے آبائی گاؤں کھڈیاں کے نواح میں کی گئی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More