کراچی میں راشد منہاس روڈ پر ڈمپر اور موٹر سائیکل کےحادثے اور بعد ازاں 7 ڈمپرز کو جلانے کے واقعات کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے چار رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کے مطابق ٹیم کی سربراہی ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان علی بلوچ کریں گے جبکہ ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی، ایس ایس پی ویسٹ طارق الہی مستوئی اور ایس پی انویسٹی گیشن ویسٹ ون انعم تجمل بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
تحقیقات کے دوران ملوث ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے اور ٹیم کسی بھی پہلو کو نظرانداز نہیں کرے گی۔ روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹ جمع کرائی جائے گی، جبکہ ضرورت پڑنے پر کراچی رینج کے دیگر افسران کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔
واقعے کے بعد غفلت برتنے پر ایس ایچ او یوسف پلازہ افتخار خانزادہ اور ایس ایچ او فیڈرل بی ایریا شاہد بلوچ کو معطل کر کے بی کمپنی رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ہفتے کی شب حادثے کے بعد مشتعل افراد نے متعدد گاڑیوں کو نذر آتش کیا تھا۔