ڈمپر جلانے والوں کے خلاف ایکشن ہو گا، بدمعاشوں سے سختی سے نمٹیں گے ، شرجیل میمن

ہماری ویب  |  Aug 11, 2025

صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شہر میں ٹریفک حادثے کے بعد ڈمپر جلانے والوں کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت کارروائی کی جائے گی اور حکومت کسی دباؤ میں نہیں آئے گی۔

سندھ اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پیش آنے والا ٹریفک حادثہ افسوسناک تھا پولیس نے ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے تاہم کچھ عناصر نے سڑکوں پر آکر سات ڈمپر کو آگ لگادی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ ہم کسی سے نہیں ڈریں گے اس شہر میں دہشتگردی نہیں ہونے دیں گے چاہے کوئی بھی قیمت ادا کرنی پڑے بدمعاشوں کے ساتھ بدمعاشوں کی طرح نمٹیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈمپر مالکان نے سڑکیں بند کیں تو حکومت نے بات کرکے سڑکیں کھلوائیں اور یہ پابندی عائد کی کہ 25 تاریخ کے بعد صرف وہی ڈمپر سڑکوں پر آئیں گے جن میں ٹریکر نصب ہوگا۔

صوبائی وزیر کے مطابق ایک ڈرائیور کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کے باعث وہ کومہ میں چلا گیا ۔ کچھ لوگ جان بوجھ کر شہر کا امن خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن حکومت امن و امان قائم رکھنے کے لیے ہر قدم اٹھائے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More