بھارت کے شہر حیدرآباد میں موسلا دھار بارش نے ایک فوڈ ڈیلیوری بوائے کو خوفناک حادثے سے دوچار کر دیا۔ ایل بی نگر کے علاقے میں ہونے والی طوفانی بارش کے دوران زومایٹو کے ڈیلیوری رائیڈر سید فرحان کھلے نالے میں گر گیا، اور اس لمحے کی ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ٹی کے آر کمان کے قریب پیش آیا، جہاں بارش کے بعد نالے میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ چکی تھی۔ سید فرحان، جو سنتوش نگر کا رہائشی ہے اور چھ سال سے ڈیلیوری کا کام کر رہا ہے، ایک آرڈر پہنچانے کے دوران توازن کھو بیٹھا اور نالے میں جا گرا۔
حادثے میں اس کا موبائل فون بہہ گیا جبکہ نئی بائیک، جس کی قسطیں وہ ابھی بھی ادا کر رہا تھا، پانی میں پھنس کر شدید خراب ہوگئی۔ مقامی افراد نے فوری کارروائی کرتے ہوئے رسی کی مدد سے فرحان اور اس کی موٹر سائیکل کو باہر نکالا۔
ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد شہریوں نے حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور مقامی حکومت پر سخت تنقید کی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ کھلے نالوں کے قریب واضح انتباہی سائن بورڈز اور حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث جان کا خطرہ بڑھ رہا ہے، اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو ایسے واقعات دوبارہ پیش آ سکتے ہیں۔