نئی دہلی: ووٹ چوری کیخلاف احتجاج، راہول گاندھی سمیت کئی اپوزیشن رہنما زیرحراست

ہماری ویب  |  Aug 11, 2025

بہار کے ووٹر فہرست میں ترمیم کے خلاف "ووٹ چوری" احتجاجی مارچ کے دوران انڈین نیشنل کانگریس کے رہنما راہول گاندھی سمیت دیگر کو حراست میں لے لیا گیا۔

لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کی قیادت میں تقریباً 300 بھارتی اپوزیشن لیڈرز نئی دہلی میں الیکشن کمیشن کی طرف مارچ کر رہے تھے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق احتجاج میں پریانکا گاندھی، اکھلیش یادو سمیت دیگر اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

راہول گاندھی نے گرفتاری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج جب ہم الیکشن کمیشن پہنچے تو انڈیا الائنس کے ارکان کو روک کر حراست میں لے لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ چوری پورے ملک کے سامنے بےنقاب ہوچکی ہے۔ یہ سیاست کی نہیں بلکہ جمہوریت کے تحفظ کی جنگ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی آئین ’ایک فرد ایک ووٹ‘ کی ضمانت دیتا ہے، شفاف ووٹر لسٹ کو یقینی بنایا جائے۔ بھارتی عوام کے جمہوری حقوق کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ حکومت ہمیں الیکشن کمیشن دفتر پہنچنے نہیں دے رہی، اسے کس بات کا خوف ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے بھارتی الیکشن کمیشن اور بھارتیہ جنتا پارٹی پر دھاندلی کے الزامات لگاتے ہوئے کہا تھا کہ اگر جعل سازی نہ ہوئی ہوتی تو نریندر مودی آج بھارت کے وزیراعظم نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا تھا کہ پچھلے انتخابات میں بی جے پی، وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے ساتھیوں نے آئین پر حملہ کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More