چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر خیبرپختونخوا کے 13 اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ پابندیاں ایک ہفتے تک جاری رہیں گی۔
اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ جن اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے ان میں کوہاٹ، ہنگو، بنوں، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، نوشہرہ، کرم، مردان اور لکی مروت شامل ہیں۔
پابندی کے تحت ڈبل سواری، وال چاکنگ، اشتعال انگیز تقریریں، 5 یا زائد افراد کا اجتماع، اسلحے کی نمائش، ہوائی فائرنگ، کالے شیشے والی گاڑیاں، لاوڈ اسپیکر کا غیر قانونی استعمال، آتش بازی اور قابل اعتراض مواد کی ترویج ممنوع ہوگی۔
اعلامیہ کے مطابق جلوسوں کی گزرگاہوں پر چھتوں پر کھڑے ہونے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ افغان شہریوں کی عوامی نقل و حرکت اور بیرونی افراد کے داخلے پر بھی سختی سے پابندی لگائی گئی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات امن و امان کو برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے کیے گئے ہیں۔