صرف 12 سیکنڈ میں 25 ملین ڈالر کی کرپٹو کرنسی چرانے کے الزام میں دو بھائی گرفتار

بی بی سی اردو  |  May 17, 2024

Getty Images

امریکہ کی سب سے معتبر سمجھی جانے والی یونیورسٹیوں میں سے ایک میں پڑھنے والے دو بھائیوں پر 12 سیکنڈ میں 25 ملین ڈالر مالیت کی کرپٹو کرنسی چرانے کا الزام عائد ہوا ہے۔

24 سالہ اینتون پیراری بوینو اور 28 سالہ جیمز پیراری بوینو پر منی لانڈرنگ کرنے اور وائر فراڈ کے الزامات لگے ہیں اور امریکی محکمہ انصاف کے مطابق مبینہ چوری اپنی نوعیت کی ایسی پہلی واردات ہے۔

استغاثہ نے عدالت میں کہا ہے کہ دونوں بھائیوں نے، جو امریکہ کے میسیچوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) میں پڑھ چکے ہیں، یہ واردات اپریل 2023 میں کی تھی۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل لیزا موناکو نے عدالت کو بتایا کہ بوینو بھائیوں نے 25 ملین امریکی ڈالر مالیت کی ایتھیریئم کرپٹو کرنسی ایک ایسی اعلی پائے کی تکنیکی سکیم کی مدد سے چرائے جس کو تیار کرنے میں ان کو کئی ماہ لگے لیکن چوری کرنے میں صرف چند سیکنڈ۔

لیزا موناکو نے بتایا کہ امریکہ کی انٹرنل ریوینیو سروس (آئی آر ایس) کے ایجنٹوں نے اپنی نوعیت کے پہلے وائر فراڈ اور منی لانڈرنگ کی سکیم پکڑنے میں اہم کردار ادا کیا۔

پراسیکیوٹرز کا دعوی ہے کہ دونوں بھائیوں نے دنیا کے ایک اعلی اور معتبر تعلیمی ادارے میں مخصوص ہنر سیکھا اور پھر اسے ایتھیریئم کی جانب سے مالی لین دین کے عمل میں نقب لگانے کے لیے استعمال کیا۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق دونوں بھائیوں نے ایم آئی ٹی سے حساب اور کمپیوٹر سائنس کے مضامین میں تعلیم حاصل کی۔

امریکی اٹارنی جنرل ڈیمیئن ولیئم نے بدھ کے دن جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملزمان کی جانب سے جس سکیم کا استعمال کیا گیا اس سے بلاک چین کی تکنیک پر ہی سوال اٹھتا ہے۔ یاد رہے کہ بلاک چین کی مدد سے کرپٹو کرنسی میں ہونے والی ادائیگیوں کا ریکارڈ رکھا جاتا ہے۔

مبینہ طور پر دونوں بھائیوں نے ایتھیریئم کرنسی میں لین دین کرنے والوں کی ایسی نجی ٹرانزیکشنز تک رسائی حاصل کی جو ابھی مکمل نہیں ہوئی تھیں اور پھر ان میں ردوبدل کر کے وہ پیسہ خود ہتھیا لیا۔

تفتیشی اہلکاروں نے اس عمل کو ’دی ایکسپلوئٹ‘ کا نام دیا ہے جو ان کے مطابق پورا ہونے میں صرف چند سیکنڈ لیتا ہے۔

دو گھنٹوں میں 28 ملکوں سے 14 ملین ڈالر کی چوری کی انوکھی اور پیچیدہ وارداتشمالی کورین ہیکرز کی بڑی واردات: آن لائن گیم سے 615 ملین ڈالر کی کرپٹو کرنسی چوری

حکام کا کہنا ہے کہ جب ایتھیریئم کمپنی کی جانب سے ان بھائیوں سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے کرپٹو کرنسی چرانے سے انکار کیا اور اس رقم کو چھپانے کی کوشش کی۔

استغاثہ کے مطابق ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ اتنے منفرد فراڈ کے بعد مجرمانہ نوعیت کے الزامات لگائے گئے ہیں۔

اگر اس مقدمے میں دونوں بھائیوں پر الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو ان کو 20 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

وہ کرپٹو ایپ جس سے ہزاروں افراد اپنی جمع پونجی سے ہاتھ دھو بیٹھےکرپٹو کرنسی فراڈ: پاکستان میں ڈیجیٹل کرنسی کے ’ڈبل شاہ‘ سے کیسے بچا جائے؟سائبر فراڈ کی انوکھی واردات: ’دو دن فون بند رہا اور پھر بینک سے 80 لاکھ روپے نکال لیے گئے‘پِگ بُچرنگ فراڈ: ’ہم نے لوگوں سے کیسے لاکھوں ڈالر لوُٹے‘
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More