ڈھاکہ ٹیسٹ: اذان اویس ڈیبو پر سنچری بنانے والے 14ویں پاکستانی کرکٹر، ’اُمید ہے پی سی بی اس ٹیلنٹ کو سنبھالے گا‘

بی بی سی اردو  |  May 10, 2026

Getty Imagesاذان اویس نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 14 چوکوں کی مدد سے 103 رنز بنائے

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ڈھاکہ میں جاری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان نے بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کے سکور 413 کے تعاقب میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 349 رنز بنا لیے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے اذان اویساپنے ڈیبو پر سنچری بنانے والے چودھویں پاکستانی کرکٹر بن گئے ہیں۔

تیسرے روز وہ 103 رنز بنا کر پویلین لوٹے تو اس کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔ شان مسعود، سعود شکیل اور عبداللہ فضل بھی اپنی وکٹیں گنوا بیٹھے۔ ایسے میں سلمان علی آغا اور محمد رضوان نے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور ٹیم کا سکور 349 رنز پر پہنچا دیا۔

اس دوران محمد رضوان بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں تاج الاسلام کی گیند پر محمود الحسن جوائے کو کیچ تھما بیٹھے۔ محمد رضوان کے پویلین لوٹتے ہی ڈھاکہ میں بارش شروع ہو گئی اور کھیل روک دیا گیا۔

پاکستان کے کپتان شان مسعود نے جمعے کو ٹاس جیت کر پہلے بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی تاہم اُن کا یہ فیصلہ درست ثابت نہیں ہو سکا تھا۔ دو وکٹیں جلد گنوانے کے باوجود بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی اننگز میں 413 رنز بنانے میں کامیاب ہو گئی تھی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے نجم الحسن شنتو سنچری جبکہ مومن الحق 91 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دوسری جانب پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے پانچ، شاہین شاہ آفریدی نے تین جبکہ حسن علی اور نعمان علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ڈھاکہ کے شیر بنگلہ کرکٹ سٹیڈیم میں جاری اس ٹیسٹ میچ کی پچ کو فاسٹ بولنگ کے لیے سازگار سمجھا جا رہا ہے اور وکٹ پر کچھ گھاس بھی چھوڑی گئی ہے۔

Getty Images’یہ پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہیں‘

خیال رہے کہ بابر اعظم زخمی ہونے کی وجہ سے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کر رہے تاہم اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں پراعتماد بلے بازی کرنے والے اذان اویس کی سوشل میڈیا پر تعریفیں ہو رہی ہیں۔

فاسٹ بولنگ کے لیے سازگار سمجھی جانے والی پچ میں بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر ناہید رانا کو پاکستانی بلے بازوں کے لیے خطرہ سمجھا جا رہا تھا لیکن اذان اویس اُن کے خلاف جارحانہ انداز میں بلے بازی کرتے دکھائی دیے اور مسلسل تین چوکے بھی لگائے۔

سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے21 سالہ اذان اویس نے 33 فرسٹ کلاس میچز میں 10 سنچریوں اور نو نصف سنچریوں کی بدولت 2673 رنز بنا رکھے ہیں۔

اُن کی سیدھی ڈرائیو، پل اور کور ڈرائیو پر جہاں کمنٹیٹر تعریف کرتے رہے تو وہیں سوشل میڈیا صارفین بھی اُنھیں پاکستان کرکٹ کا مستقبل قرار دے رہے ہیں۔

سپورٹس جرنلسٹ سلیم خالق نے ایکس پر لکھا کہ ’33 فرسٹ کلاس میچوں میں 10 سنچریاں اور 2500 سے زائد رنز بنانے کے بعد اذان اویس کو ٹیسٹ ڈیبو کا موقع ملا۔ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں ڈبل سنچری بھی بنا چکے ہیں۔ اس سے فرسٹ کلاس کرکٹ کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے تاہم مسئلہ یہ ہے کہ ایک بار جب کھلاڑی کچھ کامیابی حاصل کر لیتے ہیں تو وہ ڈومیسٹک کرکٹ چھوڑ دیتے ہیں، جو بالآخر ان کے لیے مشکلات کا باعث بنتی ہے۔‘

سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے ایکس پر لکھا کہ ’اذان اویس کھیلتے ہوئے بہت اچھے لگ رہے تھے۔ اُنھوں نے ڈیبو پر سنچری بنائی اور دباؤ لینے کی بہترین صلاحیت کا مظاہرہ کیا اور اُن کی شاٹس کی رینج متاثر کن تھی۔ 150 کلومیٹر کے قریب گیندوں کو ہک کرنا اور سپنرز کے خلاف قدموں کا استعمال یہ زبردست تھا۔‘

ایک صارف نے لکھا کہ ’اگر آپ پہلے سیشن میں عبادت حسین اور تسکین احمد کی طوفانی بولنگ کا سامنا کر سکتے ہیں، اس کے بعد 147 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرنے والے ناہد رانا کو جھیل سکتے ہیں۔ بعد میں سپنرز کے خلاف اچھی بلے بازی کرتے ہیں اور وہ بھی اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں تو یہ ظاہر کرتا ہے کہ آپ نے کتنی محنت کی ہے اور کچھ الگ کیا۔‘

سپورٹس جرنلسٹ عبدالماجد بھٹی نے لکھا کہ اذان اویس نئے بیٹنگ سٹار کے طور پر اُبھر رہے ہیں۔

سیج صادق نے ایکس پر لکھا کہ ’اذان اویس کو ٹیسٹ ڈیبو پر اچھا کھیلتے دیکھ کر خوشی ہوئی۔ 48.60 کی اوسط سے 10 سنچریوں اور 9 نصف سنچریوں کے ساتھ 33 فرسٹ کلاس میچز کھیلنے والے کھلاڑی یہ موقع ملنے کے مستحق تھے۔

باسط سبحانی نے لکھا کہ ’اذان اویس اور عبداللہ فضل ثابت کر رہے ہیں کہ پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے اور انھیں صرف موقع ملنے کی دیر ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ پی ایس ایل کی بنیاد پر ٹیلنٹ پرکھنے سے آگے بڑھیں۔‘

پاکستان کی جانب سے اس سے قبل خالد عباد اللہ، جاوید میانداد، سلیم ملک، محمد وسیم، علی نقوی، اظہر محمود، یونس خان، توفیق عمر، فواد عالم، عمر اکمل، یاسر حمید، عابد علی اور کامران غلام ٹیسٹ ڈیبو پر سنچری بنا چکے ہیں۔

بابر اعظم گھٹنے میں چوٹ کی وجہ سے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہرحنین شاہ نے آخری اوور میں ’سلو اوور ریٹ‘ پر ملنے والی سزا کو اپنی چال میں کیسے بدل دیادنیا کا ’تیز ترین‘ پاکستانی بولر جو صرف پانچ ٹیسٹ میچ ہی کھیل پایاوسیم اکرم: کالج کی ٹیم کا بارہواں کھلاڑی پاکستانی ٹیم کا فاسٹ بولر کیسے بنا؟

ایک جانب جہاں نوجوان بلے باز داد سمیٹ رہے ہیں تو وہیں پاکستان کے تیز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی کم ہوتی ہوئی بولنگ سپیڈ پر بھی بات ہو رہی ہے۔

شاہین شاہ آفریدی کی بولنگ سپیڈ اوسط 133 رہی جبکہ کچھ برس پہلے تک فاسٹ بولر 140 سے زائد کی رفتار سے بولنگ کرتے رہے ہیں۔

سابق کرکٹر بازید خان نے پی ٹی وی کے پروگرام ’گیم آن ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی جب پی ایس ایل میں بولنگ کر رہے تھے تو اُن کی رفتار 145 کلو میٹر فی گھنٹہ تک بھی رہی لیکن اب وہ 135 تک پہنچنے میں بھی جدوجہد کر رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ بولنگ سپیڈ میں 10 کلومیٹر بہت بڑا فرق ہے، شعیب اختر اور بریٹ لی ٹیسٹ کرکٹ میں طویل سپیل کرتے تھے اور اُن کی بولنگ رفتار میں کوئی کمی نہیں آتی تھی۔

Getty Images

سابق ٹیسٹ کرکٹر راشد لطیف نے بھی بازید خان کی بات کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ میں کسی کا نام نہیں لوں گا، لیکن پی ایس ایل میں رات کے میچ میں آپ کی رفتار 145 سے 147 تک جا رہی تھی لیکن ٹیسٹ میچ میں آپ 135 تک بھی نہیں پہنچ پا رہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ ٹیسٹ کرکٹ میں کتنی دلچسپی لیتے ہیں۔

طلحہ نواز نامی صارف نے شاہین شاہ آفریدی کی حمایت کرتے ہوئے لکھا کہ سنہ 2020 کے بعد سے لے کر اب تک شاہین شاہ آفریدی تینوں فارمیٹس کھیل رہے ہیں۔

اُنھوں نے لکھا کہ اس عرصے کے دوران شاہین شاہ آفریدی نے 1667 اوورز کروائے، لہذا ان پر اتنی زیادہ تنقید نہیں کی جانی چاہیے۔

احسن نے لکھا کہ شاہین پر تنقید کرنے والوں کو نرمی برتنے کی ضرورت ہے، وہ ہمارے پریمیئر فاسٹ بولر رہے ہیں اور ٹیسٹ میچ کرکٹ میں ان کا ریکارڈ اچھا ہے۔ ’انھیں اپنی رفتار پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ لائن اور لینتھ بے ترتیب ہوسکتی ہے کیونکہ وہ ہمیشہ وکٹوں کی تلاش میں رہتے ہیں، اُمید ہے کہ وہ جلد بہتری لائیں گے۔‘

عالمی مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت: انڈیا کو وضاحتی میمو کیوں جاری کرنا پڑا؟کوچ سے مکالمہ اور پھر پی ایس ایل میں رنز کے انبار: بابر اعظم کی فارم میں واپسی کی کہانی حیدر آباد کا ’ناقابلِ یقین سفر‘ اور لاہور قلندرز کی ’بیڈ لک:‘ تین مرتبہ کی چیمپئن پی ایس ایل 11 سے باہرمریم نواز سے متعلق پوسٹ: دو کروڑ جرمانے کے بعد نسیم شاہ کی معذرت، ’وہ ٹویٹ میرے خیالات کی عکاسی نہیں کرتی تھی‘کراچی سے کریئر شروع کرنے والے تندولکر جو عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی طرف سے بھی کھیلے
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More