Getty Images
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل میں حیدرآباد کنگز مین نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 130 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
اتوار کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر کنگزمین کے کپتان مارنس لبوشین کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حیدرآباد کی ٹیم کو اپنا پہلا نقصان دوسرے ہی اوور میں اس وقت اُٹھانا پڑا جب نوجوان معاذ صداقت صرف 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد صائم ایوب بیٹنگ کرنے آئے اور اگلے کچھ اوورز تک لگا کہ کنگزمین کسی اچھے ٹوٹل تک پہنچنے میں کامیاب ہو جائیں گے، لیکن پانچویں اوور میں کپتان مارنس لبوشین 51 کے مجموعی سکور پر 20 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے اور ان کے بعد کوئی بھی نیا آنے والا بلے باز دیر تک کریز پر ٹک نہیں سکا۔
عثمان خان آٹھ، عرفان خان ایک، گلین میکسویل صفر، کوشل پریرا ایک، حسان خان 12، حنین شاہ نو رنز اور عاکف جاوید پانچ رنز پر آؤٹ ہوئے۔
Getty Images
حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے سب سے زیادہ رنز صائم ایوب نے بنائے، وہ 50 گیندوں پر 54 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
پشاور زلمی کی طرف سے ایرون ہارڈی نے چار، ناہید رانا نے دو اور محمد باسط اور سفیان مقیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
سوشل میڈیا پر ہونے والی گفتگو
حیدرآباد کنگزمین کے بلے بازوں کی کارکردگی پر سوشل میڈیا پر بھی بات چیت کی جا رہی ہے۔
اننگز کے دوران کنگزمین کے دو بلے باز عرفان خان اور کوشل پریرا رن آؤٹ ہوئے اور حمزہ خان نامی صارف نے اس طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’حیدرآباد کنگزمین کے کھلاڑی فائنل میچ کا دباؤ برداشت نہیں کر پا رہے۔‘
ایک اور صارف نے لکھا کہ حیدرآباد کی ٹیم غیرضروری رنز اور رن آؤٹس کی وجہ سے پریشانی کا شکار رہی ہے۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ انھیں اس میچ میں حیدرآباد کنگزمین کی ٹیم پاکستان کی قومی ٹیم کے طرز پر کھیلتی ہوئی نظر آئی ہے۔
جہاں حیدرآباد کنگزمین کے بلے بازوں پر تنقید ہوئی وہاں پشاور زلمی کی فیلڈنگ کی بھی سوشل میڈیا صارفین تعریف کرتے ہوئے نظر آئے۔
ساج صادق نے لکھا کہ پی ایس ایل میں دیگر ٹیموں کے مقابلے میں پشاور زلمی کی فیلڈنگ الگ ہی سطح پر نظر آئی ہے۔