بابر اعظم گھٹنے میں چوٹ کی وجہ سے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر

بی بی سی اردو  |  May 07, 2026

Getty Images

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بلے باز بابر اعظم زخمی ہونے کی وجہ سے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔

بورڈ کی جانب سے جمعرات کی شب جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان کے بائیں گھٹنے میں چوٹ لگی ہے اور ٹیم کا میڈیکل پینل فی الحال ان کی حالت کا جائزہ لے رہا ہے۔

کرکٹ بورڈ کے مطابق اس بارے میں مزید معلومات وقت آنے پر فراہم کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ بابر اعظم نے حال ہی میں مکمل ہونے والے پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن میں نہ صرف سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا بلکہ ان کی قیادت میں پشاور زلمی کی ٹیم دوسری مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیتنے میں بھی کامیاب رہی تھی۔

بابر نے اس ٹورنامنٹ میں بابر اعظم دو سنچریاں اور تین نصف سنچریاں بھی بنائیں۔

اس ٹورنامنٹ سے قبل بابر اعظم کی فارم پر سوالیہ نشان لگا ہوا تھا۔ اس بارے میں پشاور زلمی کے بیٹنگ کوچ مصباح الحق نے حال ہی میں بتایا تھا کہ اُنھوں نے بابر کو بس یہی ایڈجسٹمنٹ کروائی کہ جب وہ سپنرز کے خلاف کھیلتے ہیں تو ان کا فرنٹ فٹ کچھ زیادہ آگے چلا جاتا تھا جس کی وجہ سے وہ لیفٹ آرم سپنر کو کراس کھیلنے کی کوشش میں وکٹ گنوا دیتے تھے۔

مصباح الحق کے بقول اب بابر اعظم اپنی یہ غلطیاں ٹھیک کر رہے ہیں اور آف سائیڈ کے ساتھ ساتھ مڈ وکٹ اور سامنے اچھی شاٹس کھیل رہے ہیں۔ 'مجھے لگتا ہے کہ یہ وہ چیز ہے جس سے میں واقعی خوش ہوں، جس طرح سے وہ سپنرز کو ہینڈل کر رہے ہیں۔'

پشاور زلمی کے کوچ اوٹس گبسن کے مطابق انھوں نے بابر سے کہا کہ آپ اپنی نیچرل گیم کھیلیں اور ٹیم کو جتوائیں۔ 'ہم نے اُن کی صلاحیتوں پر توجہ دی اور اُن کی خامیوں کو نظر انداز کیا اور یہی مائنڈ سیٹ اُن کی فارم میں واپسی کا سبب بنا۔'

پاکستان کی ٹیم ٹیسٹ سیریز کے لیے دو مئی کو بنگلہ دیش پہنچی تھی اور سیریز کا پہلا میچ جمعہ آٹھ مئی سے 12 مئی کے دوران شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ سیٹیڈیم ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔

دوسرا میچ سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہو گا۔ یہ دونوں میچ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے نئے سائیکل کا آغاز گذشتہ برس جون میں ہوا تھا اور یہ جون 2027 تک جاری رہے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے جس 16 رُکنی سکواڈ کا انتخاب کیا ہے اس میں جہاں فاسٹ بولر محمد عباس کی واپسی ہوئی ہے وہیں چار نئے کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا گیا ہے۔

پی سی بی نے دورے کے لیے سابق کپتان سرفراز احمد کو ہیڈ کوچ جبکہ عمر گل کو بولنگ کوچ مقرر کیا ہے۔ اسد شفیق ٹیم کے بیٹنگ کوچ ہوں گے۔

کپتان شان مسعود کے علاوہ اوپنر امام الحق، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، محمد عباس، حسن علی، خرم شہزاد، ساجد خان، نعمان علی، غازی غوری، اذان اویس، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، عبداللہ فضل اور عماد بٹ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

چار نئے کھلاڑی کون ہیں؟

پاکستان کرکٹ بورڈ نے جن چار نئے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کیا ہے ان میں غازی غوری، اذان اویس، عبداللہ فضل اور عماد بٹ شامل ہیں۔

غازی غوری کو بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز میں شامل کیا گیا تھا جس پر بعض حلقوں کی جانب سے تنقید بھی کی گئی تھی۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ عماد بٹ 64 فرسٹ کلاس، 97 لسٹ اے اور 94 ٹی 20 میچز کھیل چکے ہیں جس میں اُن کی وکٹوں کی تعداد بالترتیب 205، 120 اور 104 ہے۔

وہ پاکستان ٹیلی ویژن اور لاہور وائٹس کی بھی نمائندگی کر چکے ہیں۔ پی ایس ایل میں وہ راولپنڈی، ملتان سلطانز، پشاور زلمی اور اسلام آباد کی ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں۔

رواں برس پاکستان کے لیے ون ڈے ڈیبیو کرنے والے محمد غازی غوری سنہ 2003 میں کراچی میں پیدا ہوئے۔ وہ پاکستان کی انڈر 19 ٹیم کے علاوہ سٹیٹ بینک، اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی ریجن انڈر 16 کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

وہ وکٹ کیپر اور دائیں ہاتھ کے بلے باز ہیں۔

کرک انفو کے مطابق ان کے فرسٹ کلاس میں 1692 رنز ہیں۔

کراچی میں پیدا ہونے والے 23 سالہ عبداللہ فضل 25 فرسٹ کلاس اور 14 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں اُن کی چار سنچریاں اور 10 نصف سنچریاں ہیں۔

سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے21 سالہ اذان اویس نے 33 فرسٹ کلاس میچز میں 10 سنچریوں اور نو نصف سنچریوں کی بدولت 2673 رنز بنا رکھے ہیں۔

کوچ سے مکالمہ اور پھر پی ایس ایل میں رنز کے انبار: بابر اعظم کی فارم میں واپسی کی کہانی عالمی مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت: انڈیا کو وضاحتی میمو کیوں جاری کرنا پڑا؟پی ایس ایل فائنل، پشاور زلمی کی حیدرآباد کنگز مین کو پانچ وکٹوں سے شکست: ’کچھ کھلاڑی دل میں بس جاتے ہیں اور بابر ان میں سے ایک ہیں‘ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران محمد نواز پر منشیات استعمال کرنے کا الزام: ’ریکریئشنل ڈرگز‘ کیا ہوتی ہیں؟’سرفراز پاکستان کرکٹ کو بدل سکتے ہیں‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعلان اور کچھ کھلاڑیوں کے انتخاب پر سوشل میڈیا پر تنقید بھی جاری ہے جبکہ بعض صارفین سرفراز احمد کو ہیڈ کوچ بنانے پر بھی اپنی آرا دے رہے ہیں۔

فیض نامی صارف نے ایکس پر لکھا کہ مجھے یقین ہے کہ سرفراز احمد کو اگر مناسب وقت دیا جائے تو وہ پاکستان کرکٹ کو بدل سکتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد سٹریٹ سمارٹ اور جارحانہ ہیں اور سب اُن کا احترام کرتے ہیں۔

رانا عمران نامی صارف اس سے مختلف رائے رکھتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ اس سے قبل پی سی بی بغیر کسی کوچنگ کے تجربے کے مصباح، وہاب ریاض، حفیظ کو بھی کوچ اور ڈائریکٹر بنا چکا ہے، لیکن اس کے کوئی خاطر خواہ نتائج نہیں نکلے۔ پی سی بی بار بار ایک ہی غلطی کر رہا ہے۔

محمد اعزاز نامی صارف نے لکھا کہ کیا ہم نے یہ فیصلہ کر لیا ہے کہ غازی غوری ہی مستقبل میں پاکستان ٹیم کے وکٹ کیپر ہوں گے اور کیا اب روحیل نذیر اور دیگر کی کہانی ختم ہو گئی ہے جنھیں ہم پہلے ٹیم کے ساتھ رکھتے رہے ہیں۔

کچھ صارفین 36 سالہ محمد عباس اور 30 سالہ عماد بٹ کو ٹیم میں شامل کرنے پر بھی سوال اُٹھا رہے ہیں۔

Getty Images

شہریار نامی صارف نے ایکس پر لکھا کہ کیا آپ یقین کر سکتے ہیں کہ محمد عباس کو 2026 میں دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ عماد بٹ کو بھی بہت دیر سے موقع دیا گیا ہے۔

ارباز نامی صارف نے لکھا کہعبداللہ فضل اے ٹیم کے ساتھ کوئی میچ کھیلے بغیر سیدھا ٹیسٹ کرکٹ میں آ گئے ہیں۔ عماد بٹ اچانک سے ٹیم میں آ گئے۔ حسن علی کس بنیاد پر منتخب ہوئے جبکہ ساجد خان کو بھی دوسرے سپنر کے طور پر برقرار رکھا گیا ہے۔

بسمہ نامی صارف نے لکھا کہ ہم ہر سیریز میں 10 ڈیبیو کروا دیتے ہیں، ’ہر سیریز میں کوچز کو تبدیل کرتے ہیں، ان کھلاڑیوں کی حمایت نہیں ہوتی جو اس کے مستحق ہوتے ہیں اور پی ایس ایل کی پرفارمنس آپ کو ٹیسٹ سائیڈ میں لے جاتی ہے۔ یہ بہت عجیب ہے۔‘

خیال رہے کہ سرفراز احمد نے رواں برس بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا، تاہم وہ پاکستان کی انڈر 19 ٹیم کے ساتھ بطور مینٹور وابستہ تھے یعنی وہ نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

سرفراز احمد کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان: عمران خان کے بعد واحد پاکستانی کپتان جس نے 50 اوورز کی آئی سی سی ٹرافی جیتی’میں ایسا نہ کرتا‘: بنگلہ دیش کے خلاف متنازع رن آؤٹ پر سلمان آغا کا ردعمل اور ’سپورٹس مین سپرٹ‘ کی بحثبال ٹیمپرنگ کا الزام، پی سی بی نے فخر زمان پر دو میچوں کی پابندی لگا دیمریم نواز سے متعلق پوسٹ: دو کروڑ جرمانے کے بعد نسیم شاہ کی معذرت، ’وہ ٹویٹ میرے خیالات کی عکاسی نہیں کرتی تھی‘بس پر پتھر سے حملہ: جب انضمام الحق ’بال بال بچے‘ اور پاکستان نے انڈیا میں ون ڈے سیریز کے باقی تمام میچ جیتے
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More