ٹرمپ کا 21 نکاتی امن منصوبہ: غزہ بحران کے حل کی نئی کوشش

ہماری ویب  |  Sep 25, 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر مسلم ممالک کے سربراہان کو مشرق وسطیٰ اور غزہ کے لیے 21 نکاتی امن منصوبہ پیش کیا ہے۔ اس منصوبے کو خطے میں قیامِ امن کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

امریکا کے خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف کے مطابق صدر ٹرمپ کا امن منصوبہ جنرل اسمبلی کے سائیڈ لائن اجلاس میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، مصر، ترکیہ، اردن، انڈونیشیا اور پاکستان سمیت اہم مسلم ممالک کے رہنماؤں کو دیا گیا۔ وٹکوف نے کہا کہ ہم پُرامید ہیں کہ آنے والے دنوں میں غزہ کے حوالے سے کوئی بریک تھرو سامنے آ سکتا ہے۔

خصوصی ایلچی نے یہ بھی بتایا کہ ایران سے بات چیت کی کوششیں جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایران کے ساتھ مذاکرات کے خواہش مند ہیں اور امن کے لیے دروازے کھلے رکھنا چاہتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیویارک میں ہونے والی تقریباً 50 منٹ طویل ملاقات میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سمیت کئی مسلم ممالک کے سربراہان شریک ہوئے۔ اس موقع پر غزہ کی صورتحال، انسانی بحران اور خطے میں استحکام کے اقدامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ملاقات کے بعد صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسے انتہائی کامیاب قرار دیا اور کہا کہ غزہ اور مشرق وسطیٰ میں امن کے حوالے سے یہ ملاقات بہت تعمیری اور امید افزا رہی ہے۔

امریکی صدر آئندہ دنوں میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ اس منصوبے پر مزید پیش رفت ہو سکے۔ یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے جاری غزہ جنگ میں اب تک 65 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More