توانائی بحران پر قابو؟ حکومت کا 1.2 ٹریلین کا بریک تھرو پلان سامنے آ گیا

ہماری ویب  |  Sep 25, 2025

حکومتِ پاکستان نے توانائی کے شعبے میں بڑا بریک تھرو حاصل کرتے ہوئے 1,225 ارب روپے کے سرکلر ڈیٹ کا تاریخی حل نکال لیا ہے۔ وزارتِ خزانہ کے مطابق یہ معاہدہ وزیرِاعظم کے ٹاسک فورس برائے پاور، وزارتِ توانائی، اسٹیٹ بینک، پاکستان بینکس ایسوسی ایشن اور 18 شراکت دار بینکوں کی مشترکہ کاوشوں سے ممکن ہوا۔

معاہدے کی تفصیلات کے مطابق 660 ارب روپے کے موجودہ قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ کی گئی اس کے ساتھ ساتھ 565 ارب روپے کی نئی فنانسنگ پاور پروڈیوسرز کو واجبات کی ادائیگی کے لیے فراہم کی گئی۔

صارفین پر کوئی اضافی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا بلکہ ادائیگیاں پہلے سے عائد 3.23 روپے فی یونٹ سرچارج سے ہوں گی۔اس اقدام سے 660 ارب روپے کی خودمختار ضمانتیں ریلیز ہوں گی جو زرعی شعبے، ایس ایم ایز، ہاؤسنگ، تعلیم اور صحت میں سرمایہ کاری کے لیے دستیاب ہوں گی۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کے لیے مالیاتی نظم و ضبط، توانائی کے شعبے میں پائیداری اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کا سنگِ میل ہے۔ ان کے مطابق یہ کامیابی اجتماعی قیادت، مؤثر ٹیم ورک اور پبلک پرائیویٹ تعاون کی عکاس ہے۔

اس معاہدے سے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا اور قومی معیشت میں استحکام اور ترقی کے نئے مواقع کھلیں گے اس کے علاوہ زرعی، تعلیمی اور صحت کے شعبوں میں براہِ راست سرمایہ کاری ممکن ہوسکےگی۔ یہ پیش رفت پاکستان کی معیشت اور توانائی کے شعبے کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More