آر ڈی اے کا غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کے خلاف بڑا آپریشن، متعدد ڈھانچے مسمار

ہماری ویب  |  Sep 24, 2025

راولپنڈی : ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور لینڈ گریبنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بڑے پیمانے پر آپریشن کیا گیا۔

آر ڈی اے کی ٹاسک فورس نے پولیس کی معاونت سے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا۔ ترجمان کے مطابق اسلام آباد سٹی کٹاریاں کے سائٹ آفس کو سیل کر دیا گیا جبکہ باڑیں، باؤنڈری وال اور مین ہول پائپ بھی ہٹا دیے گئے۔ مزید برآں، ہاؤسنگ سکیم اسلام آباد سٹی کے مالکان قاسم بھٹی اور ناصر بھٹی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

اسی طرح وزیر ٹاؤن میں زیر تعمیر 40 دکانوں کو مسمار کر دیا گیا جبکہ وڈیا ہومز مورگاہ میں گارڈ روم، دروازہ اور بیریئر بھی گرادیے گئے۔

آر ڈی اے حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری سے گریز کریں تاکہ مالی نقصان اور قانونی پیچیدگیوں سے بچ سکیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ایسے آپریشنز آئندہ بھی بلا امتیاز جاری رہیں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More