سندھ کے 14 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ جاری

ہماری ویب  |  Sep 24, 2025

صوبہ سندھ کے 14 اضلاع کی 28 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔ الیکشن کمیشن سندھ کے ترجمان کے مطابق پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جو شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔

پولنگ حیدرآباد، دادو، جامشورو، مٹیاری، سکھر، گھوٹکی، خیرپور، میرپورخاص، عمرکوٹ، بدین اور ٹھٹھہ سمیت کراچی کے شرقی، غربی اور کیماڑی اضلاع میں مختلف کونسلز کے لیے ہو رہی ہے۔ رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 43 ہزار 187 ہے جن میں ایک لاکھ 33 ہزار 38 مرد اور ایک لاکھ 10 ہزار 154 خواتین شامل ہیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن سندھ کا کہنا ہے کہ صاف، شفاف اور پُرامن انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور عوام بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔

ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو کے مطابق تینوں اضلاع میں فول پروف سیکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر 1552 پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔ ضلع شرقی کے 4 پولنگ اسٹیشنز پر 160، ضلع غربی کے 45 پولنگ اسٹیشنز پر 1003 اور ضلع کیماڑی کے 22 پولنگ اسٹیشنز پر 389 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور نہایت حساس کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رہے۔ ایڈیشنل آئی جی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پُرامن ماحول میں اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More