بیٹی اپنے باپ کے نام سے پہچانی جاتی ہے لیکن.. سحر حیات نے طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے جذباتی پیغام دے دیا

ہماری ویب  |  Sep 24, 2025

مشہور پاکستانی ڈیجیٹل کریئیٹر سحر حیات نے حال ہی میں اپنی شادی ختم ہونے کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ سحر حیات، جنہوں نے 2023 میں سوشل میڈیا شخصیت سمیع رشید کے ساتھ شاندار تقریب میں شادی کی تھی، 2024 میں ایک بیٹی کی ماں بنیں۔ تاہم بیٹی کی پیدائش کے کچھ ہی عرصے بعد دونوں کے درمیان اختلافات شروع ہو گئے جو آہستہ آہستہ سوشل میڈیا پر کھل کر سامنے آنے لگے۔ ابتدا میں مداحوں کا خیال تھا کہ یہ سب محض تشہیری حربے ہیں لیکن وقت کے ساتھ ان کی لڑائیاں شدت اختیار کر گئیں۔

حالیہ دنوں میں سحر حیات نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے تصدیق کی کہ وہ اور سمیع رشید اب ایک ساتھ نہیں ہیں۔ انسٹاگرام کے سوال و جواب کے سیشن میں ایک مداح کے سوال پر انہوں نے کہا:

"ہم اب ساتھ نہیں ہیں لیکن وہ ہمیشہ میری بیٹی کے والد رہیں گے، اس میں ذرا سا بھی شک نہیں۔ بیٹیاں اپنے والد کے نام سے پہچانی جاتی ہیں اور میں اپنی بیٹی کو یہی سکھاؤں گی کہ وہ اپنی ماں اور باپ دونوں کی عزت کرے۔ جہاں تک بیٹی کے اپنے والد سے ملنے کی بات ہے تو میں نے کبھی کسی کو روکا نہیں، نہ ہی روک سکتی ہوں۔ جو بھی فیصلہ ہوگا وہ قانون کے مطابق ہوگا، میری ذاتی رائے پر نہیں۔ باقی پاکستانی قوانین سے آپ سب بھی واقف ہیں، امید ہے کہ اس معاملے کو بار بار نہ چھیڑا جائے۔"

سحر حیات کے اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے مختلف آرا کا اظہار کیا۔ کئی لوگوں کا کہنا ہے کہ آج کل سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی شادیوں کی تقریبات ان کی شادی شدہ زندگی سے زیادہ لمبی چلتی ہیں۔ کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ رشتے میں آنے سے پہلے پختگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ بچوں کی زندگی تباہ نہ ہو۔ کچھ نے اس سارے معاملے کا الزام سحر حیات پر بھی ڈالا جبکہ کئی مداحوں نے اس خبر پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا۔

یہ خبر اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ سوشل میڈیا کی دنیا میں رہنے والی شخصیات کی ذاتی زندگیاں بھی عوامی بحث کا حصہ بن جاتی ہیں، اور اکثر ان کے فیصلے مداحوں کے درمیان ہمدردی یا تنقید دونوں کا باعث بنتے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More