’عمران خان چاہتے ہیں پشاور میں تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہو‘، پی ٹی آئی کی تیاریاں جاری

اردو نیوز  |  Sep 24, 2025

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پارٹی کو پشاور میں جلسہ منعقد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔عمران خان نے اپنی ہمشیرہ علیمہ خان کو جیل میں ملاقات کے دوران یہ پیغام پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں تک پہنچانے کی ذمہ داری سونپی۔ملاقات کے بعد علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنیچر 27 ستمبر کو پشاور میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا۔

عمران خان کی جانب سے اس حوالے سے وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور کو پیغام پہنچایا گیا کہ وہ جلسے کے انتظامات کی نگرانی خود  کریں۔ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر خان کو وزیراعلٰی کے ساتھ جلسہ کامیاب بنانے کے لیے مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ علیمہ خان نے میڈیا کو بتایا کہ ’عمران خان نے پشاور جلسے کے لیے ملک بھر سے کارکنوں کو شریک ہونے کی ہدایت کی ہے۔‘ اُن کے مطابق ’عمران خان چاہتے ہیں کہ پشاور کا جلسہ تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہو جس میں خواتین اور بچوں سمیت سب شرکت کر کے آزادی کے لیے آواز بلند کریں۔‘بانی چیئرمین کی ہدایت کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی اور صوبائی قیادت نے رنگ روڈ پشاور پر جلسہ کرنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔انتظامیہ کے مطابق کبوتر چوک کے قریب گراؤنڈ میں 80 ہزار سے زائد کرسیاں رکھنے کی گنجائش موجود ہے جبکہ کھڑے ہونے کے لیے بھی بڑی جگہ موجود ہے۔جلسے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ’کنٹینرز اور دیگر سامان جلسہ گاہ پہنچا دیا گیا ہے۔ جمعرات تک تمام انتظامات مکمل ہو جائیں گے۔‘مرکزی قائدین اور ارکان اسمبلی کے لیے الگ الگ سٹیج بنائے جائیں گے جبکہ پنڈال میں خواتین ورکرز کے لیے الگ جگہ مختص کی جائے گی۔‘وزیراعلٰی کی اپیل وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے اپنے ویڈیو پیغام میں کارکنوں کو آپس میں اختلافات ختم کرکے پشاور کے جلسے میں بھرپور شرکت کرنے کی اپیل کی ہے۔علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ ’سب نے عمران خان کے لیے گھروں سے نکلنا ہے اور جلسے میں شریک ہونا ہے۔‘وزیراعلٰی نے کہا کہ ’عمران خان ہمارے بچوں کے مستقبل کے لیے لڑ رہے ہیں۔ ہمیں بھی چاہیے کہ اُن کی آزادی کے لیے جنگ لڑیں۔‘ علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ’پشاور کا جلسہ تاریخی ہوگا جس میں پاکستان کے ہر گوشے سے کارکن شرکت کریں گے۔‘انہوں نے عام شہریوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’آپ اگر عمران خان کے چاہنے والے ہیں تو آپ سب جلسہ گاہ ضرور پہنچیں تاکہ عوام تک حقیقی آزادی کا پیغام پہنچایا جا سکے۔‘وزیراعلٰی کے معاونِ خصوصی سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ ’بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی کال پر یہ جلسہ ہوگا اور سب سے کامیاب ہوگا جس میں صوبے کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں سے بھی کارکن شرکت کریں گے۔‘انہوں نے کہا کہ ’موجودہ نظام سے عوام بھی بیزار ہو چکے ہیں۔ ورکرز کے ہمراہ عام لوگ بھی جلسے کے لیے گھروں سے نکلیں گے۔‘سہیل آفریدی کا دعویٰ ہے کہ ’ہر ایم پی اے اور ایم این اے جلسے کے لیے اپنے ساتھ کارکنوں کا قافلہ لے کر 27 ستمبر کو پشاور پہنچے گا۔‘’یہ محض ایک سیاسی جلسہ نہیں ہے بلکہ عمران خان کی رہائی کی تحریک کا آغاز ہوگا جس میں ورکرز کو آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں بتایا جائے گا۔‘پی ٹی آئی قیادت کے لیے امتحانسینیئر صحافی ارشد عزیز ملک کا کہنا ہے کہ ’پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی خواہش ہے کہ پشاور میں جلسہ ہو۔ وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور کو جلسے کے انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔‘انہوں نے اردو نیوز سے گفتگو کے دوران بتایا کہ ’وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور ایک بڑے جلسے کی تیاری کر رہے ہیں۔ پشاور کا جلسہ پارٹی کے لیے ایک امتحان ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ کتنے لوگ لے کر آتے ہیں۔‘ارشد عزیز ملک کے مطابق ’علی امین گنڈاپور ایک کروڑ افراد کی میزبانی کے دعوے کر رہے ہیں مگر اتنے لوگ کہاں سے آئیں گے اور ان کے لیے انتظامات کرنا بھی ایک بڑا چیلنج ہو گا۔‘ان کا کہنا ہے کہ ’پارٹی قائدین اپنے ساتھ لوگ لے کر آئیں گے۔ ایک اچھا مجمع اکٹھا ہو جائے گا کیوں کہ صوبے میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے تو اس لیے جلسے کے انعقاد میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں ہوگی۔‘ارشد عزیز ملک کے مطابق ’صوبے کے ہر حلقے سے ایم پی اے کو زیادہ سے زیادہ کارکن ساتھ لانے کا ہدف دیا گیا ہے، اس لیے اُن کی ہر ممکن کوشش ہوگی کہ جلسہ کامیاب ہو۔‘’گذشتہ برس نومبر کے بعد سے پی ٹی آئی گراؤنڈ پر نظر نہیں آرہی اور صرف سوشل میڈیا پر بیانات سامنے آرہے ہیں، تو ایک سال بعد جلسہ ہونے جا رہا ہے جس کو تمام قائدین کامیاب بنانے کی کوشش کریں گے۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’پشاور جلسے کا سیاسی منظرنامے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور نہ عمران خان کی رہائی کے حوالے سے کوئی پیش رفت ہو سکے گی، تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے ایک کامیاب پاور شو کی اُمید کی جاسکتی ہے۔‘واضح رہے کہ اس سے قبل پشاور رنگ روڈ پر پیپلز پارٹی، جمعیت علما اسلام اور پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتیں جلسے منعقد کر چکی ہیں۔یہ مقام نادرن بائی پاس، موٹروے اور جی ٹی روڈ کے سنگم پر ہونے کے باعث جلسہ گاہ کے لیے موزوں خیال کیا جاتا ہے۔ 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More