نیویارک: وزیراعظم کا آئی ایم ایف سے سیلاب کے معاشی اثرات کو جائزے میں شامل کرنے کا مطالبہ

ہماری ویب  |  Sep 24, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کی معیشت پر حالیہ سیلاب کے اثرات کو اپنے آئندہ جائزے میں شامل کرے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پائیدار اصلاحات اور بروقت اقدامات کی بدولت معیشت استحکام کی طرف گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کے مختلف اہداف اور وعدوں کو پورا کرنے کی سمت پیشرفت کر رہا ہے تاہم حالیہ تباہ کن سیلاب کے اثرات بھی جائزہ رپورٹ میں شامل کیے جانے چاہئیں۔

اس موقع پر کرسٹالینا جارجیوا نے متاثرین سیلاب سے ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ بحالی کے مؤثر اقدامات کے لیے نقصانات کے درست تخمینے انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم کے مضبوط میکرو اکنامک پالیسیوں پر عمل درآمد کے عزم کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان کی معاشی اصلاحات کی کوششوں میں آئی ایم ایف کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کی رہنمائی نے حکومت کی اصلاحاتی کاوشوں کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ان تعاون کی بدولت پاکستان کی معیشت تیزی سے بحالی کی جانب بڑھ رہی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More