اپوزیشن کے تحفظات : مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کو دوبارہ اسمبلی میں پیش کریں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان

ہماری ویب  |  Sep 23, 2025

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور اپوزیشن لیڈر میر یونس زہری نے اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پر اپنے مؤقف کا اظہار کیا۔

وزیرِ اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پر کافی عرصے سے باتیں ہو رہی تھیں اور ایکٹ پاس ہونے کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے اعتراضات سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کو یقین دلایا تھا کہ انہیں اعتماد میں لیا جائے گا۔ اس سلسلے میں اپوزیشن لیڈر اور کمیٹی کے ممبران ہمارے پاس آئے اور ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ ایکٹ دوبارہ اسمبلی میں لایا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سب کو اعتماد میں لے کر بل کو دوبارہ پیش کیا جائے گا کیونکہ عوام اور ان کے حقوق سے متعلق تمام فیصلوں پر مشاورت ضروری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ ایکٹ پہلے ہی پاس ہو چکا ہے اور اب اسے قرارداد کی صورت میں ایوان میں لایا جائے گا، جس کے بعد معاملہ کمیٹی کے سپرد ہوگا۔ کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن دونوں کے اراکین شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد ایکٹ بن چکا ہے اور اب صرف ترامیم کی گنجائش موجود ہے۔

اس موقع پر اپوزیشن لیڈر میر یونس زہری نے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایکٹ کے حوالے سے اپوزیشن کو کچھ خدشات تھے جنہیں حکومت کے سامنے رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ محسوس کیا جارہا ہے کہ ایکٹ دوبارہ اسمبلی میں پیش ہوگا تاکہ تمام اعتراضات اور خدشات کو دور کیا جاسکے۔ یونس زہری نے مزید کہا کہ اس حوالے سے مائنز مالکان سے بھی مشاورت کی گئی ہے اور ان کے مؤقف کو بھی ایوان تک پہنچایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اپوزیشن اور حکومت کی مشترکہ مشاورت سے اب یہ معاملہ کمیٹی میں زیر غور آئے گا تاکہ متفقہ لائحہ عمل تیار کیا جاسکے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More