امریکہ کی خفیہ سروس نے کہا ہے کہ اس نے ایک لاکھ سے زائد سموں کے نیٹ ورک کو ختم کیا ہے جو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل نیو یارک کے ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم کو نقصان پہنچا سکتا تھا، ایجنسی نے اس خطرے کو ریاستی سطح کے عناصر سے جوڑا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق خفیہ ایجنسی نے منگل کو ایک بیان میں بتایا کہ ’ان آلات کو ٹیلی فون کے ذریعے گمنام دھمکیاں دینے کے علاوہ بڑے پیمانے پر ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم پر حملوں کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا تھا۔‘
’ان آلات کے ذریعے موبائل فون کے ٹاورز کو غیر فعال کرنا، اور ممکنہ خطرات پیدا کرنے والے عناصر اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث تنظیموں کے درمیان رابطے پیدا کرنا بھی ایک مقصد تھا۔‘
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں عالمی رہنماؤں کے خطاب کا سلسلہ منگل کو نیو یارک میں شروع ہو رہا ہے، اجلاس کے پہلے روز امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ خطاب کریں گے۔
ایجنسی کی طرف سے جاری کی گئی تصاویر میں مواصلاتی آلات سے منسلک متعدد سمز دیکھی جا سکتی ہیں۔