اسلام آباد : کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے اہم ملاقات کی۔
اس دوران دونوں رہنماؤں نے پائیدار دفاعی تعاون کے عزم کو دہراتے ہوئے مشترکہ تربیتی اقدامات اور ہوا بازی کی صنعت میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ ایئر چیف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں پاک فضائیہ کے جاری ترقیاتی منصوبوں، تربیتی شعبے کی تشکیل نو اور جدید تکنیکی صلاحیتوں کے حصول کے حوالے سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں اور ملٹی ڈومین وارفیئر میں تکنیکی برتری مزید مستحکم ہوگی۔ ایئر چیف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ مذہبی و تاریخی روابط دونوں ممالک کی افواج کے بے مثال تعاون کا مظہر ہیں۔
ملاقات کے دوران جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نے بھارت کے خلاف حالیہ تنازع کے دوران پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فضائیہ کے اہلکاروں نے غیر معمولی مہارت، آپریشنل تیاری اور حوصلہ مندی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے تربیتی شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ مشترکہ فضائی مشقیں دونوں ممالک کے لیے باہمی ترقی اور تجربات کے تبادلے کا بہترین ذریعہ ثابت ہوں گی۔
کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے پاک فضائیہ کی خودانحصاری مہم کو بھی سراہا اور علاقائی سطح پر طاقت کے توازن کے لیے اس کی کاوشوں کو اہم قرار دیا۔ اس موقع پر یہ بھی طے پایا کہ مستقبل قریب میں بحرین ایئر فورس کے کمانڈر پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
یہ اعلیٰ سطح کی ملاقات پاک بحرین دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے، ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے اور خطے میں درپیش سکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں مشترکہ عزم کو مزید تقویت دینے کا عملی ثبوت ہے۔