حکومتِ سندھ کی اجازت کے بعد واپڈا نے کوٹری بیراج پر ٹیلی میٹری سسٹم کی تنصیب کا کام شروع کر دیا۔واپڈا نے محکمہ آبپاشی سندھ سے ٹیلی میٹری سسٹم کی تنصیب کے لیے این او سی کی درخواست دی تھی جو باضابطہ طور پر جاری کر دیا گیا۔ این او سی کے بعد واپڈا اور نیسپاک نے مل کر بیراج پر سسٹم لگانے کا کام شروع کیا ہے۔
پہلے مرحلے میں 7 مقامات پر ٹیلی میٹری سسٹم نصب کرنے کی منظوری دی گئی ہے جس کا آغاز کوٹری بیراج سےکیا گیا ہے۔محکمہ آبپاشی سندھ نے این او سی کے ساتھ چار شرائط بھی عائد کی ہیں ۔
شرائط کے مطابق ٹیلی میٹری سسٹم کی تنصیب کے دوران پانی کی روانی متاثر نہ ہو،سول، الیکٹریکل اور مکینیکل کام کے دوران بیراج کے دروازوں پر کوئی اثر نہ پڑے،بجلی، پانی اور گیس جیسی اشیاء کی فراہمی کی ذمہ داری واپڈا پر ہوگی۔ اس کے علاوہ تنصیب کے دوران تکنیکی معیار، ماحولیاتی تحفظ اور آپریشنل پروٹوکول کو یقینی بنایا جائے۔
محکمہ آبپاشی نے کہا کہ کوٹری بیراج پر ٹیلی میٹری سسٹم کی تنصیب کے لیے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔