سٹیزن پورٹل پر موصول 188 شکایات پر کارروائی نہ ہو سکی، وزیر اعظم ہاؤس کا نوٹس

ہماری ویب  |  Sep 04, 2025

وزیر اعظم ہاؤس کے سٹیزن پورٹل پر موصول ہونے والی 188 شکایات پر کارروائی نہ ہو سکی۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم ہاؤس نے نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ کو فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پبلک افیئر ونگ نے وفاقی وزارتِ پارلیمانی امور کے ذریعے چیف سیکریٹری سندھ کو خط لکھا ہے جس میں بتایا گیا کہ حکومت سندھ کو سٹیزن پورٹل کے تحت مجموعی طور پر 217 درخواستیں ارسال کی گئیں جن میں سے 28 درخواستوں کو حل کیا گیا جبکہ ایک درخواست ڈراپ کر دی گئی اور بقیہ 188 درخواستوں پر تاحال کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔

ذرائع کے مطابق ارسال ہونے والی شکایات 47 محکموں اور ڈپٹی کمشنرز سے متعلق تھیں مگر متعلقہ اداروں کی جانب سے سستی مظاہرہ کیا گیا۔ وزیر اعظم ہاؤس نے اپنے مراسلے میں واضح کیا کہ عوامی شکایات کو نظرانداز کرنے کی پالیسی ناقابلِ قبول ہے اور اس پر فوری کارروائی ہونی چاہیے۔

وزیر اعظم ہاؤس نے ہدایت دی کہ ہر محکمہ ایک فوکل پرسن نامزد کرے تاکہ شکایات کے ازالے کے لیے براہِ راست رابطہ کیا جا سکے۔ چیف سیکریٹری سندھ نے بھی تمام محکموں کے سربراہان اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سٹیزن پورٹل کی شکایات ہنگامی بنیادوں پر حل کریں اور رپورٹ وزیر اعظم ہاؤس کو ارسال کریں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More