گجرات میں موسلا دھار بارش، 24 گھنٹے میں 577 ملی میٹر بارش ریکارڈ

ہماری ویب  |  Sep 04, 2025

گجرات میں بدھ کے روز ہونے والی ریکارڈ توڑ بارش نے تباہی مچا دی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں میں 506 سے 577 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں اربن فلڈنگ اور کئی دیہات زیرآب آگئے۔

شدید بارش کے باعث برساتی نالے بپھر گئے متعدد دیہات زیر آب آ گئے اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ شہری علاقوں میں پانی گھروں، دکانوں اور میں داخل ہو گیا۔ سیشن کورٹ اور ڈسٹرکٹ جیل میں بھی پانی جمع ہو گیا جس کے بعد متعدد قیدیوں کو لاہور اور گوجرانوالہ جیل منتقل کیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق مدینہ سیداں کے قریب حفاظتی بند باندھنے اور پانی کو نالوں کی طرف موڑنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جبکہ گوجرانوالہ سے نکاسی کے لیے مشینری بھجوائی گئی ہے۔ تاہم اربن فلڈنگ کے باعث کچہری روڈ، قمر سیالوی روڈ، واپڈا کالونی، جیل چوک اور ظہور الٰہی اسٹیڈیم سمیت اہم علاقے ندی نالوں میں تبدیل ہو گئے۔

کمشنر گوجرانوالہ نے بتایا کہ بارش کے باعث ضلع کے تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔ دوسری جانب دریائے چناب میں آنے والا دوسرا بڑا سیلاب ہیڈ تریموں کی طرف بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے دریائے ستلج، راوی اور چناب میں سنگین صورت حال کے پیش نظر پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن بھی تیز کر دیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق اب تک 3 لاکھ سے زائد افراد اور 4 لاکھ مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے اور متاثرہ علاقوں میں ڈرون کیمروں اور تھرمل امیجنگ کے ذریعے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More