چین کی فتح کا دن: صدر شی جن پنگ کا دنیا کو امن کا پیغام

ہماری ویب  |  Sep 03, 2025

چین میں جاپان پر فتح کی 80ویں سالگرہ منائی گئی اس موقع پر بیجنگ کے تاریخی تیانمن اسکوائر میں شاندار فوجی پریڈ کا انعقاد کیاگیا جس میں بری، بحری اور فضائی افواج کے دستوں نے حصہ لیا۔ پریڈ میں چین کے جدید ہتھیاروں اور ہائپر سونک میزائلوں سمیت طویل فاصلے تک مار کرنے والے بین البراعظمی نیوکلیئر ہتھیاروں کی نمائش بھی کی گئی۔

تقریب کا آغاز 80 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ اس موقع پر چینی صدر شی جن پنگ نے فوجی دستوں کا معائنہ کیا اور عالمی رہنماؤں کے ہمراہ یادگار پریڈ کا مشاہدہ کیا۔

صدر شی جن پنگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج انسانیت کو امن یا جنگ، مکالمے یا تصادم میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی قوم کبھی کسی دباؤ میں نہیں آئے گی اور دنیا کی کوئی طاقت چین کی ترقی کو نہیں روک سکتی۔

چینی صدر نے کہا کہ پیپلز لبریشن آرمی کو ورلڈ کلاس ملٹری قوت میں تبدیل کیا جائے گا اور وہ چین کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی استحکام کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار رہے گی۔

تقریب میں روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن، شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن، وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر سمیت 26 ممالک کے سربراہان نے شرکت کی جبکہ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کو اس موقع پر مدعو نہیں کیا گیا۔ وزیراعظم پاکستان تقریب میں نمایاں طور پر صفِ اول میں دکھائی دیے اور عالمی رہنماؤں کے شانہ بشانہ شریک ہوئے۔

پریڈ کے اختتام پر 80 ہزار فاختاوں کو آزاد کر کے جنگ میں مارے گئے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ہزاروں رنگ برنگے غبارے بھی چھوڑے گئے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More