زمین کی تاریخ کا تیسرا مختصر ترین دن۔۔ کیا آج زمین زیادہ تیزی سے گھومے گی؟ تحقیقی دعوے نے سائنسدانوں کو چونکا دیا

ہماری ویب  |  Aug 05, 2025

اگر سائنسدانوں کی موجودہ پیش گوئی درست نکلی، تو آج یعنی 5 اگست 2025 زمین کی تاریخ کا تیسرا سب سے مختصر دن قرار پائے گا۔ ایک دن جو بظاہر عام سا دکھائی دیتا ہے، درحقیقت کائناتی سطح پر غیرمعمولی رفتار کے ساتھ گزر رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق زمین کی گھومنے کی رفتار ایک بار پھر تیز ہو رہی ہے۔ اندازہ ہے کہ آج کا دن معمول سے 1.25 ملی سیکنڈ کم ہوگا، یعنی ہماری زمین اپنے محور پر معمول سے کچھ لمحے پہلے گردش مکمل کر لے گی۔ اگرچہ یہ فرق انسانی روزمرہ زندگی پر اثر انداز نہیں ہوتا، لیکن سائنسی حلقوں کے لیے یہ ایک اہم اشارہ ہے۔

یہ پیش گوئی انٹرنیشنل ارتھ روٹیشن اینڈ ریفرینس سسٹمز سروس اور یو ایس نیول آبزرویٹری نے مشترکہ طور پر کی ہے۔ پہلے اندازہ لگایا گیا تھا کہ دن 1.51 ملی سیکنڈ چھوٹا ہوگا، لیکن بعد میں اعداد و شمار کو اپڈیٹ کرتے ہوئے اسے 1.25 ملی سیکنڈ قرار دیا گیا۔

اس سے قبل زمین نے 30 جون 2022 اور پھر 5 جولائی 2024 کو بھی اپنے گھومنے کے وقت کو معمول سے کم کیا تھا۔ خاص طور پر 5 جولائی 2024 کا دن 1.66 ملی سیکنڈ تیز تھا، جو اب تک کا سب سے مختصر دن تسلیم کیا جا چکا ہے۔ آج اگر پیش گوئی درست ثابت ہوتی ہے تو یہ فہرست میں تیسری پوزیشن حاصل کر لے گا۔

لیکن زمین کی رفتار آخر بڑھ کیوں رہی ہے؟ سائنسدانوں کے مطابق اس وقت چاند زمین کے جنوب کی طرف قدرے قریب ہے۔ چاند کی زمین کے ساتھ کشش اور فاصلہ اس کی گردش پر اثر انداز ہوتا ہے، اور جب وہ زمین کے مخصوص حصے سے قریب ہو، تو محور کی حرکت معمول سے ہٹ سکتی ہے۔

یہ رجحان اس لیے بھی حیران کن ہے کہ زمین کی تاریخی رفتار میں عمومی طور پر سست روی دیکھی جاتی رہی ہے۔ ماضی میں، کروڑوں سال پہلے، دن 23 گھنٹے سے بھی کم ہوا کرتے تھے، اور وقت کے ساتھ زمین کی گردش سست ہوتی چلی گئی۔ 1973 کے بعد سے اب تک یہی عمومی پیٹرن ریکارڈ کیا گیا تھا، لیکن حالیہ برسوں میں یہ سلسلہ الٹتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔

اگرچہ چند ملی سیکنڈ کی یہ تبدیلی ہماری گھڑیوں یا روزمرہ معمولات پر کوئی فرق نہیں ڈالتی، لیکن یہ سائنسی ماہرین کے لیے ایک سنجیدہ اشارہ ہے۔ زمین کی اندرونی حرکات، سمندری دباؤ، قطبی برف کی پگھلاہٹ یا دیگر ممکنہ ماحولیاتی عوامل اس تبدیلی کے پیچھے ہو سکتے ہیں۔

اب سوال یہ ہے کہ کیا یہ رجحان محض وقتی ہے یا زمین واقعی ایک نئے دور میں داخل ہو رہی ہے؟ فی الحال کوئی حتمی جواب موجود نہیں، لیکن سائنس کی دنیا میں یہ ایک اہم موضوع بنتا جا رہا ہے، جس پر تحقیق مزید گہری ہو رہی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More