شبلی فراز اور عمر ایوب سمیت پی ٹی آئی کے 9 ارکان پارلیمنٹ نااہل قرار

اردو نیوز  |  Aug 05, 2025

پاکستان کے الیکشن کمیشن نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب سمیت 9 ارکان پارلیمنٹ کو نااہل قرار دے دیا ہے۔

منگل کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق ان ارکان کو عدالتوں سے سزاؤں کے باعث نااہل کیا گیا ہے۔

مزید نااہل ہونے والے ارکان میں صاحبزادہ حامد رضا، رائے حیدر علی خان، رائے حسن نواز، زرتاج گل، محمد انصر اقبال، جنید افضل ساہی اور رائے محمد مرتضی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 31 جولائی کو فیصل آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں سمیت 108 افراد کو قید کی سزائیں سنائی تھیں۔

عدالت نے فواد چوہدری، زین قریشی اور خیال کاسترو کو مقدمے سے بری کر دیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اپوزیشن لیڈران سمیت 15 پارلیمنٹیرینز کے خلاف تین مختلف مقدمات کے فیصلے سنائے گئے۔

جن ملزمان پر مقدمات چلائے گئے اُن میں قومی اسمبلی کے آٹھ اراکین، متعدد سینیٹرز، چھ سے زائد ارکانِ صوبائی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری، کنول شوزب سمیت 260 کارکنان شامل ہیں۔

9 مئی 2023 کو سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا، جس نے کئی مقامات پر پرتشدد شکل اختیار کر لی تھی۔ 

اس دوران فیصل آباد میں بھی مظاہروں کے دوران سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچائے جانے کی ویڈیوز سامنے آئیں جن میں فوجی تنصیبات، ٹریفک پولیس کی چوکیاں اور متعدد دیگر مقامات شامل تھے جبکہ کارکنوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔

ان واقعات کے نتیجے میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت متعدد مقدمات درج کیے گئے۔ حکام کا مؤقف تھا کہ ان مظاہروں میں عوام میں خوف و ہراس پھیلایا گیا، ریاستی اداروں پر حملے ہوئے اور امن عامہ کو خطرے میں ڈالا گیا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More