انچولی کے قریب تیز رفتار ویگو ڈالے سے ٹکرا کر موٹر سائیکل سوار 2 نوجوان زخمی ہوگئے۔
معلومات کے مطابق حادثے کا ذمے دار ویگو ڈالا ایل ایچ 0110 جے ڈی سی فانڈیشن کے بانی ظفر عباس کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق کراچی کے ضلع وسطی میں موٹر سائیکل نمبر کے جی ای 0255 اور ویگو ڈالے میں ٹکر ہوئی جس کے بعد گاڑی میں سوار افراد موقع سے فرار ہو گئے۔
حادثے کے بعد ظفرعباس اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور موقع پر ویڈیو بنانے والے نوجوانوں کے موبائل فون چھین لیے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی سمن آباد پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی، ظفر عباس زخمی ہونے والے نوجوانوں کو نجی اسپتال لے گئے۔
ظفرعباس کے مطابق بغیر ہیڈ لائٹ کی موٹر سائیکل پر سوار نوجوان گاڑی سے ٹکرا گئے جو زیادہ زخمی نہیں ہیں تاہم انہیں علاج کے لیے نجی اسپتال منتقل کرا دیا ہے جہاں ان کا مکمل علاج کرائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ جس وقت حادثہ ہوا اس وقت میرے آفس کا لڑکا برف لینے گاڑی لے کر گیا تھا۔