"کراچی کی خاص بات تحمل مزاجی ہے۔ اگر کراچی کے لوگ اس شہر کا صحیح معنوں میں خیال رکھتے، تو کیا ہی بات تھی۔ مجھے لگتا ہے کہ ہم اس کا اتنا خیال نہیں رکھتے جتنا رکھنا چاہیے۔ جتنی زیادہ ادبی سرگرمیاں ہوں گی، اتنا ہی سب کے لیے حالات نارمل ہوں گے۔"
پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے کراچی کی روح اور اس کی خاصیت پر روشنی ڈالی، مگر ساتھ ہی شہریوں کی عدم توجہی پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔ 17ویں عالمی اردو کانفرنس میں "میں ہوں کراچی" کے پروگرام کے دوران ماہرہ نے کہا کہ کراچی کی سب سے بڑی پہچان یہاں کے لوگوں کی تحمل مزاجی ہے، لیکن بدقسمتی سے ہم اپنے شہر کا وہ خیال نہیں رکھتے جو اس کا حق ہے۔
ماہرہ خان نے اس بات پر زور دیا کہ کراچی جیسے شہر کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینا بہت ضروری ہے۔ ان کے مطابق، ایسی تقریبات عوام کے لیے خوشگوار ماحول پیدا کرتی ہیں اور زندگی کو نارمل رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔