"پچھلے دنوں مجھے بڑے مزیدار پیغامات ملے۔ ان میں سے ایک پشاور کے ایک اداکار کا تھا۔ ان کا نام نہیں لوں گی، لیکن وہ بار بار کہتا رہا کہ میں آپ سے شادی کرنا چاہتا ہوں۔ میں نظر انداز کرتی رہی، یہاں تک کہ وہ تھک گیا اور کہنے لگا، اگر آپ شادی نہیں کریں گی تو آئمہ بیگ، حمیرا چنہ یا حمیرا ارشد کا نمبر دے دیں۔ پورے مہینے محبت کے دعوے میرے ساتھ کرتا رہا اور آخر میں یہ بات کہہ دی۔"
معروف گلوکارہ شازیہ منظور نے حالیہ شو میں شرکت کے دوران اپنی زندگی کے کچھ دلچسپ اور مزاحیہ واقعات شیئر کیے۔ گلوکارہ نے بتایا کہ انہیں ایک اداکار کی طرف سے شادی کی پیشکش موصول ہوئی، لیکن نظر انداز کرنے کے باوجود وہ باز نہ آیا۔ حتیٰ کہ تنگ آ کر دیگر گلوکاراؤں کے نمبر مانگنے لگا۔
شازیہ منظور نے مسکراتے ہوئے کہا، "پیار کے وعدے میرے ساتھ اور نمبر کسی اور کا مانگ رہا ہے!"
اپنی زندگی اور کیریئر پر بات کرتے ہوئے گلوکارہ نے کہا کہ ان کی پہلی محبت ان کا فن ہے۔ "میں نے ہمیشہ سنا تھا کہ فنکار کی شادی ان کے فن سے ہو جاتی ہے، اور میرے لیے یہ بات بالکل درست رہی۔" انہوں نے مزید بتایا کہ گلوکاری کے لیے جدوجہد کے دوران شادی کا خیال ان کے ذہن سے دور رہا۔
شازیہ منظور نے انکشاف کیا کہ میوزک انڈسٹری میں قدم رکھنے سے پہلے ان کی منگنی ہوئی تھی، جو ان کے گانے کے شوق کی وجہ سے ختم ہوگئی۔ "میرے منگیتر کے گھر والوں نے میری گلوکاری کو قبول نہیں کیا، اور یوں میری منگنی ختم ہو گئی۔"