پائیدار ترقی کیلئے علاقائی تعاون اور روابط کا فروغ ضروری ہے: وزیراعظم کا ایس سی او کانفرنس سے خطاب

سچ ٹی وی  |  Oct 16, 2024

شنگھائی تعاون تنظیم کا کنونشن سینٹر اسلام آباد میں شروع جاری ہے جس کے افتتاحی سیشن سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا پائیدار ترقی کیلئے علاقائی تعاون اور روابط کا فروغ ضروری ہے۔ معاشی ترقی، استحکام اور خوشحالی کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہو گا۔

وزیراعظم شہباز شریف جناح کنونشن سینٹر، اسلام آباد میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کے 23 ویں اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔

ایس سی او اجلاس کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور دارالخلافہ کو دلہن کی طرح سجایا گیا ہے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں چین کے وزیراعظم لی چیانگ، روس کے وزیراعظم میخائل مشوستن، تاجکستان کے وزیراعظم خیر رسول زادہ، کرغزستان کے وزیراعظم زاپاروف اکیل بیگ، بیلا روس کے وزیراعظم رومان گولوف چینکو، قازقستان کے وزیراعظم اولڑاس بینکتینوف، تاجکستان کے وزیراعظم کوہر رسول زادہ اور ازبکستان کے وزیراعظم عبد اللہ ارپیوف شریک ہیں۔

اس کے علاوہ ایران کے نائب صدر محمد عارف اور بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر بھی ایس سی او کانفرنس میں شریک ہیں جبکہ منگولیا مبصر ملک کے طور پر شریک ہے جس کی نمائندگی منگولین وزیراعظم کر رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تمام معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا افتتاحی سیشن سے خطاب

وزیراعظم شہباز شریف نے ایس سی او اجلاس کے افتتاحی خطاب میں کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کا انعقادہمارے لیے اعزاز ہے، ایس سی او ممالک دنیاکی آبادی کا 40 فیصد ہیں، پائیدار ترقی کیلئے علاقائی تعاون اور روابط کا فروغ ضروری ہے، معاشی ترقی، استحکام اور خوشحالی کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا ہم نے اپنے لوگوں کو بہتر معیار زندگی اور سہولتیں فراہم کرنی ہیں، یقین ہے اجلاس میں سیرحاصل گفتگو کے دور رس نتائج ملیں گے، عالمی منظر نامے میں تبدیلی اور ارتقا کا سامنا کررہے ہیں، موجودہ صورتحال اجتماعی اقدامات کی متقاضی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا اجلاس رکن ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ کا موقع فراہم کرے گا ، ہمیں اجتماعی دانش کو بروئے کارلاتے ہوئے آگے بڑھناہے، پاکستان خطے میں امن و استحکام چاہتا ہے، تجارتی روابط کے فروغ کیلئے کاوشیں ضروری ہیں۔

شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کے اجلاس کی سائیڈ لائنز پر آج وزیراعظم پاکستان اور روس کے وزیر اعظم کی دو طرفہ ملاقات بھی متوقع ہے۔

ایس سی او اجلاس میں معیشت، تجارت، ماحولیات اور سماجی و ثقافتی روابط کے شعبوں میں جاری تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور تنظیم کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ تنظیم کے رکن ممالک باہمی تعاون کو مزید بڑھانے اور تنظیم کے بجٹ کی منظوری کے لیے اہم تنظیمی فیصلے کریں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More