7 دن میں جواب ورنہ ؟ عمران خان کی پیشی، عدالت نے کون سا ایک موقع دے دیا؟

ہماری ویب  |  Aug 31, 2022

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں جواب جمع کروانے کیلئے 7 دن کی مہلت دیدی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے توہین عدالت کیس کی سماعت کی، اس موقع پرجسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کو قانون اور آئین کی حکمرانی پر یقین رکھنا چاہیے، تحریری جواب سے مجھے ذاتی طور پر دکھ ہوا، ماتحت عدلیہ جن حالات میں کام کررہی ہے سب کے سامنے ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے مزید کہا کہ عمران خان کی کافی فین فالوونگ ہے، عمران خان کے پائے کے لیڈر کو ہر لفظ سوچ سمجھ کر ادا کرنا چاہیے، میں توقع کر رہا تھا کہ احساس ہوگا کہ غلطی ہوگئی، جس طرح گزرا ہوا وقت واپس نہیں آتا اسی طرح زبان سے نکلی بات بھی واپس نہیں جاتی۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ آپ کو جوبھی لکھ کر دینا ہے سوچ سمجھ کر لکھیں، آپ اس معاملے کی سنگینی کا بھی اندازہ لگائیں۔جسٹس میاں گل حسن نے ریمارکس دیے کہ توہین عدالت کی کارروائی آج ختم ہوسکتی تھی مگر اس جواب کے باعث ایسا نہیں ہوا، آپ کو جواب داخل کرانے کا ایک اور موقع دیا گیا ہے، آپ اس پر سوچیں۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ یہ عدالت سپریم کورٹ کے فیصلوں کے خلاف نہیں جاسکتی، آپ معاملے کی سنگینی کو سمجھیں اور سوچ سمجھ کرجواب دیں۔ بعدازاں عدالت نے عمران خان کو 7 دن میں دوبارہ تحریری جواب دینے کا حکم دیا اور چیف جسٹس نے کہا کہ 7 دن میں سوچ سمجھ کرجواب داخل کریں اور کیس کی مزید سماعت 8 ستمبر تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More