"مجھے اندازہ تھا یہ شادی زیادہ دیر نہیں چلے گی"
پاکستان کے نامور فوٹوگرافر عرفان احسن، جو ایلیٹ طبقے کی شادیاں اپنے کیمرے میں قید کرنے کے لیے مشہور ہیں، حال ہی میں سماء ٹی وی کے پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے جنید صفدر کی شادی کے انجام سے متعلق اہم انکشاف کیا۔
عرفان احسن نے اپنی گفتگو میں کہا:
"مجھے اس شادی میں شروع سے ہی اندازہ ہو گیا تھا کہ یہ زیادہ دیر نہیں چلے گی۔ جب آپ ایک تقریب میں موجود ہوتے ہیں، لوگوں کا رویہ، ان کا ایک دوسرے سے برتاؤ، سب کچھ آپ محسوس کر سکتے ہیں۔ مجھے وہاں کھنچاؤ اور تناؤ صاف دکھائی دیا۔ البتہ مریم نواز اور ان کے خاندان کے ساتھ میرا تجربہ نہایت خوشگوار رہا۔ انہوں نے مجھے عزت دی، خوش دلی سے خوش آمدید کہا، اور سارا وقت بہت اچھا برتاؤ کیا۔ جنید صفدر سے بھی ملاقات ہوئی، وہ انتہائی باادب، نرم مزاج اور خوش اخلاق نوجوان ہے۔ اس نے مجھے دیکھ کر خود آ کر سلام کیا، لیکن دلہن کے خاندان کے ساتھ وہ ہم آہنگی نظر نہیں آئی جس کی ایک کامیاب رشتے میں ضرورت ہوتی ہے۔"
یہ گفتگو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جہاں عرفان احسن کی صاف گوئی اور مشاہدے کو سراہا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ عرفان احسن نے جنید صفدر اور عائشہ سیف کی شاندار شادی کی تصویریں بھی تیار کی تھیں، جو اُس وقت ہر جگہ خبروں کی زینت بنیں۔