"میرے خیال میں پورے جاپان میں صرف میں ہی وہ بدنصیب ہوں جسے فراری خریدنے کے ایک گھنٹے کے اندر ہی اسے جلتے دیکھنا پڑا۔" — ہونکون
دس سال کی تھوڑی تھوڑی کر کے کی گئی بچت، خوابوں کی کار، اور پھر صرف 60 منٹ کی سواری — جاپان کے میوزک پروڈیوسر ہونکون کی زندگی کی سب سے بڑی خوشی، بدترین صدمے میں بدل گئی۔ ٹوکیو کی سڑکوں پر جیسے ہی وہ اپنی نئی نویلی فراری 458 اسپائیڈر لے کر نکلے، خوشی ان کے چہرے سے جھلک رہی تھی، مگر قسمت نے شاید کچھ اور ہی سوچ رکھا تھا۔
ہونکون نے لگژری کار خریدنے کے لیے دہائی بھر محنت کی، کئی خواب دبائے، اور پھر بالآخر 43 ملین ین (تقریباً پانچ کروڑ پاکستانی روپے) خرچ کر کے اپنی خوابوں کی گاڑی خرید لی۔ لیکن صرف ایک گھنٹے بعد، سپرکار کے انجن نے دھواں دینا شروع کیا اور کچھ لمحوں بعد ہی وہ شعلوں میں لپٹ گئی۔
وہ حیران اور بےبس، ایک طرف کھڑے، اپنی برسوں کی محنت کو چند منٹوں میں راکھ میں بدلتا دیکھتے رہے۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ ہونکون چاہ کر بھی کچھ نہ بچا سکے۔ شوٹو ایکسپریس وے پر دیگر ڈرائیورز نے بھی یہ منظر دیکھا، گاڑیاں روکیں، مگر کوئی اس آگ پر قابو نہ پا سکا۔ صرف 20 منٹ میں وہ فراری جو ابھی چند لمحے پہلے خواب تھی، اب ایک تلخ یاد بن چکی تھی