کراچی: قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے مستعفی 9 ارکان کی خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن 25 ستمبر کو ہونگے، کراچی کی 3 سیٹوں پر امیدواروں کے نام سامنے آگئے۔
صوبائی الیکشن کمیشن نے این اے 237، این اے 239اور این اے 246کے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردی فہرست کے مطابق این اے 237 ملیر سے 11امیدوار میدان میں ہوں گے، یہاں سے پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے مقابلے میں پی پی پی کے عبدالحکیم بلوچ مدمقابل ہوں گے۔
ان کے علاوہ پی ایس پی کے پی ایس پی کے عامر شیخانی ، ٹی ایل پی کے سمیع اللہ خان اور جے یو آئی کے محمد اسماعیل کے ساتھ 6 آزاد امیدوار بھی انتخابی میدان میں موجود ہیں۔
این اے 239 کورنگی میں 22 امیدوار میدان میں ہیں، یہاں سے عمران خان کا مقابلہ ایم کیو ایم پاکستان کے نیئر رضا سے ہوگا جب کہ یہاں سے پیپلز پارٹی کے سید عمران حیدر، پی ایس پی کے شارق جمال، مہاجر قومی موومنٹ کے خرم مقصود، پاکستان مسلم الائنس کے قیصر اقبال، جے یو آئی کے محمد رمضان اور تحریک لبیک کے محمد یاسین کے علاوہ 14 آزاد امیدوار بھی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
کراچی سے حلقہ این اے 246 لیاری میں 11 امیدوار میدان میں ہیں۔ یہاں سے عمران خان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے سردار نبیل گبول ہوں گے، اس کے علاوہ پی ایس پی کے راشد حسین بلوچ، ٹی ایل پی کے محمد شرجیل گوپلانی اور جے یو آئی کے مولانا نورالحق بھی میدان میں ہیں جب کہ یہاں سے بھی 6 آزاد امیدوار ضمنی الیکشن لڑ رہے ہیں۔