ملک میں جاری سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے بچے بھی میدان میں آگئے، ملک کے مختلف شہروں میں قائم کیمپوں میں ننھے منے بچوں نے بھی حصہ لینا شروع کردیا۔
سیلاب کی وجہ سے ان دنوں پورے میں تباہی مچی ہوئی ہے اور لاکھوں لوگ کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں جن کی مدد کیلئے پورے ملک میں امدادی سامان جمع کرنے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔
کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں این جی اوز اور سیاسی جماعتوں نے بھی سیلاب متاثرین کیلئے راشن، ادویات اور دیگر اشیاء جمع کرنے کیلئے کیمپس کا انعقاد کیا ہے۔
متاثرین کیلئے لگائے جانے والے ان کیمپوں میں جہاں شہری بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں وہیں چھوٹے بچے بھی کسی سے پیچھے نہیں رہے۔
سیلاب متاثرین کی امداد میں چھوٹے چھوٹے بچے اپنی پاکٹ منی کیمپوں میں جمع کروارہے ہیں، بچوں کی تصاویر سامنے آنے پر سوشل میڈیا صارفین نے بہت خوشی کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ یہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور خوشی کی بات ہے کہ ہمارے مستقبل کے ان معماروں کو آج حالات کا ادراک ہے اور وہ خوشی سے ان حالات میں بڑوں کے ساتھ ملکر اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ متاثرین کی مدد کیلئے ان بچوں کا جذبہ لائق تحسین ہے اور اگر ہر انسان اپنی حیثیت کے مطابق تھوڑا تھوڑا حصہ بھی ملائے تو ہمیں بیرونی امداد کیلئے کسی کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔