راولپنڈی: پاک فوج کی گاڑی آزاد کشمیر کے ضلع باغ کے علاقہ شجاع آباد میں کھائی میں گرنے سے 9 اہلکار شہید جبکہ 4 جوان زخمی ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 4 جوانوں کو سی ایم ایچ راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے۔
شہدا کی نماز جنازہ منگلا گیریژن میں ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا سمیت عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حادثے میں شہید ہونے والوں کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کئے جا رہے ہیں جہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار ہونیوالی گاڑی فوجی قافلے کا حصہ تھی، حادثے کے بعد مقامی پولیس نے فوری طور پر باغ اور راولاکوٹ میں پولیس کنٹرول رومز کو ایمبولینسوں کو جائے حادثہ پر روانہ کرنے کے لیے مطلع کیا۔
قافلے کی باقی گاڑیاں اور چوکی سے پولیس اہلکار بھی امدادی کام کیلئے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمی فوجیوں کو شیخ خلیفہ بن زید النہیان ہسپتال لے جایا گیا جہاں سے بعد ازاں سی ایم ایچ راولپنڈی منتقل کردیا گیا۔