ہمیں ڈر تھا کہ ہمارا جہاز روک کر پاکستان کے خلاف نہ استعمال کیا جائے... کیپٹن مقصود کابل سے اپنا جہاز نکالنے میں کیسے کامیاب ہوئے جانیے

ہماری ویب  |  Aug 18, 2021

"لوگ ہر طرف سے آ رہے تھے اور دیکھتے ہی دیکھتے ائیر پورٹ کے رن وے پر جیسے ایک افراتفری سی شروع ہونے لگی" یہ کہنا ہے مقصود بجرانی کا جو پی آئی اے کے کیپٹن ہیں اور اتوار کی صبح طالبان کے کابل پر قبضے سے کچھ دیر پہلے ہی ائیر بس (پی کے 6252) جہاز کو حامد کرزئی انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر اتار چکے تھے۔ کیپٹن مقصود نے بتایا کہ جس وقت انھوں نے جہاز لینڈ کیا اس وقت صورتحال معمول پر تھی اور بڑی تعداد میں امریکی جہاز اور دوسری ائیر لائنز ٹیک آف کررہی تھیں۔ کیپٹن مقصود کے جہاز کے علاوہ ایک اور پاکستانی جہاز بھی ان کے ہمراہ تھا اور دونوں جہاز چند افغان رہنماؤں اور پاکستانی شہریوں کو پاکستان لانے کے لئے افغانستان گئے تھے

کنٹرول ٹاور بند ہوچکا تھا اور ہجوم قریب آرہا تھا

کچھ دیر بعد دوسرے پاکستانی جہاز 777 کو ٹیک آف کی اجازت مل گئی اور وہ اسلام آباد کی طرف روانہ ہوگیا جبکہ کیپٹن مقصود کو پیغان ملا کہ کنٹرول ٹاور نے کام کرنا بند کردیا ہے اس لیے مزید کوئی ہدایات جاری نہیں کی جائیں گی۔ کیپٹن مقصود کے جہاز میں 170 افراد کے علاوہ جہاز کا اپنا عملہ بھی شامل تھا اور صورتحال یہ ہوگئی تھی کہ چاروں طرف سے ہجوم بڑی تعداد میں جہاز کی طرف بڑھ رہا تھا جبکہ کنٹرول ٹاور کا کچھ اتا پتا نہیں تھا۔ ہمیں ڈر تھا کہ وہ لوگ جہاز پر قبضہ کرکے ہمیں اور جہاز کو یرغمال نہ بنا لیں اور پاکستان کے خلاف استعمال نہ کریں۔

اس مشکل وقت کو یاد کرتے ہوئے کیپٹن مقصود کہتے ہیں کہ "ایسے میں میں نے اپنے ساتھی پائلٹ سے مشورہ کیا اور اسے اعتماد میں لینے کے بعد مسافروں کو نشستوں پر بیٹھ جانے کا اعلان کیا۔ اور میں نے جہاز کر رن وے پر دوڑانا شروع کر دیا، اور تھوڑی دیر میں ہم ہوا میں اوپر اٹھنے لگے، اور ایسا میں سڑک پر گاڑی چلانے کی طرح ہی کر رہا تھا، یعنی میں نے دیکھ کر دوسرے ٹیک آف کرنے والے جہازوں سے اپنے جہاز کو بچانا تھا"

پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت دیا

اس کے بعد اپنی ماہرانہ صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے کیپٹن مقصود اپنا جہاز تمام مسافروں سمیت پاکستان لانے میں کامیاب ہوگئے۔ پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز کے چیف ایگزیکٹو ارشد ملک نے کیپٹن مقصود کے مشکل وقت میں فیصلہ لینے اور جہاز کو مسافروں سمیت بحفاظت پاکستان پہنچانے پر سراہا ہے۔ آفیسر ارشد ملک نے کہا کہ کہ " کیپٹن مقصود نے پریشان کن صورتحال میں عقل ، تجربہ اور مہارت کا استعمال کرکے حقیقی پیشہ ورانہ رویے کا مظاہرہ کیا ہے"

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More