پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن سے متعلق ویسے تو کئی ناقص انتظامات کی خبریں سوشل میڈیا پر زیر گردش رہتی ہیں لیکن اب وہیں ایک اور منفی اطلاع سوشل میڈیا پر منظر عام پر آئی ہے۔
سوشل میڈیا ویب سائٹس اور مختلف ویب پورٹلز پر آج صبح سے پی آئی اے سے متعلق چند خبریں گردش کر رہی ہیں کہ قومی ایئرلائنز نے جہاز پر پانی مسافروں کے لیے پانی فراہمی بند کر دی۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارمز پر صارفین نے پی آئی اے کی جانب سے جاری ہونے والا اعلامیہ شیئر کیا جس میں لفظ ’اپ لفٹ‘ کچھ ابہام پیدا کر رہا تھا۔
لیکن اب اس حوالے سے پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان نے طیارے پر منرل واٹر کی فراہمی بند کرنے کی سختی سے تردید کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں منرل واٹر کی جہاز پر فراہمی کیلئے انگریزی کا لفظ ‘اپ لفٹ’ کا استعمال کیا گیا، جس کا مطلب ‘فراہمی ختم کرنا’ اخذ کیا گیا جو بالکل غلط مفہوم ہے۔
ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ جہاز پر پانی کی فراہمی جاری ہے، پانی کی بوتلیں تمام مسافروں کی سیٹوں کی جیبوں میں رکھ دی جائیں گی۔