گھروں میں صفائی ستھرائی پر دھیان تو بہت دیا جاتا ہے لیکن کچھ جگہیں ایسی ہوتی ہیں جہاں اکثر خواتین توجہ دینا بھول جاتی ہیں۔ اور یہیں وہ غلطی کرتی ہیں کیونکہ گھرمیں پانچ جگہوں سے ہی خاتونِ خانہ کے سلیقے کا پتا چلتا ہے۔ تو آئیے جانتے ہیں وہ کونسی جگہیں ہیں اور ان کو کیسے خوبصورت بنایا جاسکتا ہے۔
باورچی خانہ
ایک عورت کے دن کا بڑا حصہ باورچی خانے میں گزرتا ہے۔ بھرے پرے گھر میں ایک وقت میں کئی ہانڈیاں پکانی پڑتی ہیں۔ تین بار کھانا پکانے کے علاوہ چائے ناشتے کا اہتمام اور آئے گئے کی خاطر داری میں کچن پھیل جاتا ہے اور خاتون سوچتی ہیں کہ بس یہ کرلوں پھر ایک ساتھ پورا کچن سمیٹ لوں گی۔ اور کام کبھی ختم نہیں ہوتے۔ اس لیے یہ عادت ڈال لیں کہ سبزی کاٹنے سے لے کر گوشت دھونے تک جو بھی پھیلاوا ہو وہ ہاتھ کے ہاتھ سمیٹتی جائیں۔ مصالحے کا جو ڈبہ نکالیں اسے سلیب پر رکھنے کے بجائے واپس جگہ پر رکھیں۔ کبھی ڈبوں کو گندے ہاتھ سے نہ پکڑیں اور ہر کام کے بعد سلیب کو نمک ملے پانی سے پوچھتی رہیں تو کچن صاف رہے گا اور کیڑے بھی نہیں آئیں گے۔
غسل خانہ
اکثر گھروں میں غسل خانوں کی صفائی پر توجہ نہیں دی جاتی جس کی وجہ سے کوئی مہمان باتھ روم جانے کی خواہش کردے تو خاتونِ خانہ ہڑبڑا کر رہ جاتی ہیں اور شرمندہ ہوجاتی ہیں۔ باتھ روم کو روز کے روز صاف کرنے کی عادت ڈالیں۔ ایک جھاڑو اور وائپر رکھیں۔ جب بھی باتھ روم گیلا ہو وائپر سے صاف کرکے خشک کریں تاکہ فرش پر نشان نہ بنیں۔ باتھ روم میں خوشبو دار اسپرے ضرور رکھیں۔ یقین کریں یہ چیزیں عادت بنا لی جائیں تو ہر بار شرمندگی سے بچنا مشکل نہیں
گھر کا انٹرنس/h1>
کوئی مہمان آئے گا تو سب سے پہلے دروازہ ہی دیکھے گے۔ گندگی اور اکھڑے رنگ و روغن والا دروازہ اچھا تاثر پیش نہیں کرتا۔ گھر کے دروازے پر اچھا رنگ کروائیں اور ڈوربیل کے بٹن اور دروازے کی کنڈیوں کو صاف ستھرا رکھیں۔ ہوسکے تو گھر کے داخلی حصے پر سبزہ اور کوئی پھولوں والی بیل لگائیں جس کی لٹکتی جھالریں خوبصورت لگیں۔
سیڑھی کے نیچے
سیڑھی کے نیچے اکثر پرانا کاٹھ کباڑ یا لوہا لنگڑ رکھ دیا جاتا ہے جس سے گھر کتنا بھی اچھی طرح سجا ہوا ہو لیکن اچھا نہیں لگتا۔ اس حصے کو بے کار سامان ٹھونسنے کے بجائے کرسی اور کتابوں کی چھوٹی الماری رکھ کر بچوں کے پڑھنے کے لئے جگہ بنائی جاسکتی ہے یا ایک میز پر گلدان رکھ کر خوبصورت بنایا جاسکتا ہے
ڈرائینگ روم
ہر گھر میں مہمان خانہ یعنی ڈرائینگ روم ضرور ہوتا ہے۔ اپنے ڈرائینگ روم کو صرف مہمانوں کے لئے مخصوص کردیں اور روزانہ ڈسٹنگ اور صفائی کریں تاکہ کسی کے آنے پر افراتفری نہ پھیلے