پاکستان کے کئی اداکار بھارتی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں تاہم کچھ پاکستانی اداکاروں کو بالی ووڈ کے معروف ڈائریکٹر کی جانب سے فلم کی آفر کی گئی لیکن انہوں نے صاف انکار کر دیا جن میں عائزہ خان، صنم جنگ، حمزہ علی عباسی اور فاطمہ آفندی شامل ہیں۔
تاہم کچھ اداکاروں نے بالی ووڈ کی فلموں میں کام کیا، آج ہم آپ کو ان ہی کی کچھ انوکھی اور دلچسپ باتیں بتانے جا رہے ہیں۔
1) ماہرہ خان
پاکستان کی مقبول ترین اداکارہ ماہرہ خان ناصرف پاکستان بلکہ بھارت کی بھی بہترین اداکارہ ہیں۔ انہوں نے بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے ہمراہ فلم 'رئیس' میں کام کیا۔ اداکارہ نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ جب انہوں نے اپنی امی کو یہ بات بتائی کہ اب وہ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے جا رہی ہیں تو انہیں بالکل یقین نہیں آیا یہاں تک کہ ماہرہ کی والدہ رونا شروع ہو گئیں اور کہنے لگیں کہ نہیں تم جھوٹ کہہ رہی ہو۔
2) عدنان ٹیپو
عدنان شاہ ٹیپو پاکستان کے ایک قابل اداکار ہیں، انہوں نے کئی ایسے کردار کیے جنہیں مداحوں نے بہت پسند کیا۔ معروف ڈرامہ سیریل سنو چندا میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے عدنان ٹیپو نے حال ہی میں ایک انٹرویو دیا جس میں انہوں نے بھارتی فلم میں کام کرنے کے حوالے سے بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈیا میں پہلے دن ہی بڑی بے عزتی ہو گئی کیونکہ پہلے دن ریہرسل ہوئی تو سب نے میری تعریف کی جس کے بعد میں سب کی توجہ اپنی جانب مزید کروانے کے لیے ناچنے لگا۔ اتنے میں پوجا بھٹ (ڈائریکٹر) میرے پاس آئیں اور کہنے لگیں کہ ٹیپو جی اگر آپ سیریس ہو جائیں تو میں گارنٹی دے سکتی ہوں کہ آپ انڈیا کے تو کیا پاکستان کے بھی سب سے بڑے ولین بن جائیں گے۔
3) مومل شیخ
پاکستانی اداکارہ مومل شیخ جو کہ جاوید شیخ کی صاحبزادی ہیں انہوں نے بھی بھارتی فلم ہیپی بھاگ جائے گی میں اداکاری کی۔ اس حوالے سے جاوید شیخ نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ فلم ہیپی بھاگ جائے گی میں جس بھارتی اداکارہ نے پاکستانی لڑکی کا کردار ادا کرنا تھا اس نے آخری وقت پر انکار کردیا۔ فلم کے پروڈیوسر انتہائی پریشان تھے، چونکہ میں بھی فلم کا حصہ تھا لہٰذا انہوں نے مجھ سے کہا کہ چند پاکستانی اداکاراؤں کے نام مجھے بتائیں۔
جاوید شیخ نے انہیں دو سے تین کے نام بتا دیے، اداکار نے بتایا کہ پروڈیوسر اور ڈائریکٹر کو انٹرنیٹ پر ہی مومل کی تصویر ملی اور اس کی اداکاری کافی پسند آئی۔
ڈائریکٹر یہ نہیں جانتے تھے کہ مومل جاوید شیخ کی بیٹی ہیں، انہیں شک ضرور تھا۔ لیکن جب انہیں معلوم ہوا تو انہوں نے جاوید شیخ سے کہا آپ نے اپنی بیٹی کا نام ہمیں کیوں نہیں بتایا؟
جاوید شیخ نے جواب دیا کہ میں نے کبھی اپنے بچوں کی سفارش نہیں کی، شہزاد شیخ اور مومل شیخ آج جو کچھ بھی ہیں وہ اپنی کامیابی کی وجہ سے ہیں۔
4) ماورا حسین
ماورہ حسین نے بھارتی فلم صنم تیری قسم میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ایسے میں فلم کے ڈائریکٹرز رادھیکا راؤ اور وینے نے بتایا کہ فلم کی کہانی اور کرداروں کی وجہ سے وہ کسی نئی اداکارہ کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے اور انہوں نے مکمل طور پر پہلے منصوبہ نہیں بنایا تھا کہ وہ ماورا حسین کو کاسٹ کریں گے۔
دونوں فلم سازوں کے مطابق نئی اداکارہ کی تلاش کرنے کے دوران ہی انہیں پاکستانی مسلمان اداکارہ ماورا حسین کا خیال آیا اور انہوں نے انہیں تیگلو ہندو برہمن لڑکی کے کردار کے لیے کاسٹ کیا۔
٭ اِس حوالے سے اپنی قیمتی رائے سے آگاہ کرنا ہرگز نہ بھولیے گا، ہماری ویب کے فیسبک پیج پر کمنٹ کریں۔