’’شاہد بہت خوبصورت ہیں لیکن وہ اداکار نہیں، اُن کی اداکاری کسی کتاب کے معیار پر پوری نہیں اترتی‘‘
پاکستان کے لیجنڈری اداکار فردوس جمال ایک بار پھر اپنے بیباک انداز اور بے لاگ تبصروں کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔ حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران انہوں نے فلم اسٹار شاہد کے بارے میں سخت رائے دیتے ہوئے کہا:
’’میں نے کبھی شاہد صاحب کی اداکاری کو سمجھا ہی نہیں۔ وہ بلاشبہ بہت ہینڈسم ہیں مگر اداکار نہیں۔ مجھے حیرت ہے کہ اُنہیں ہمیشہ بہترین اداکاروں کی فہرست میں کیوں شامل کیا جاتا ہے، وہ کسی بھی کتاب کے معیار کے مطابق اداکار نہیں ہیں۔‘‘
گفتگو کے دوران جب میزبان نے یاد دلایا کہ شاہد کو اُس دور کے عظیم فنکاروں کے ساتھ ہی گنا جاتا ہے تو فردوس جمال نے طنزیہ انداز میں مزید کہا:
’’اُس زمانے کے تو رنگیلا صاحب بھی یاد رکھے جاتے ہیں۔ میرے نزدیک شاہد ایک حادثہ ہیں، اور حادثہ تو کہیں بھی ہو سکتا ہے۔ میں اُن کے کیریئر کو اسی طرح دیکھتا ہوں۔‘‘
فردوس جمال کا یہ بیان سامنے آتے ہی شوبز حلقوں اور مداحوں میں بحث چھڑ گئی ہے۔ کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ اتنے سینئر فنکار کو دوسروں کے بارے میں اس قدر سخت الفاظ استعمال نہیں کرنے چاہئیں، جبکہ کئی افراد ان کی صاف گوئی کو ان کا کمال قرار دیتے ہیں۔
یہ پہلی بار نہیں کہ فردوس جمال نے کسی ساتھی فنکار پر تنقید کی ہو۔ اس سے قبل بھی وہ کئی معروف اداکاروں اور اداکاراؤں کے بارے میں متنازعہ تبصرے کر کے سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن چکے ہیں۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ فلم اسٹار شاہد یا اُن کے چاہنے والے اس تنقید پر کیا ردعمل دیتے ہیں، لیکن ایک بات طے ہے کہ فردوس جمال کے بیانات ہمیشہ نیا طوفان برپا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔